کوئٹہ: ’’آل بلوچستان کلرک اینڈ ٹیکنیکل ایمپلائز ایسوسی ایشن‘‘ کے نام سے نئی ایسوسی ایشن بنانے کا اعلان

|رپورٹ: ریڈورکرزفرنٹ، کوئٹہ|

کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ایپکا ’منیر بلوچ‘ گروپ سے مستعفی ہونے والے ملازمین نے نئی ایسوسی ایشن بنانے کا اعلان کیا ہے۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ ہمارے محنت کش ساتھی عرصہ دراز سے ایپکا’منیر بلوچ‘ گروپ کے پلیٹ فارم سے ملازمین کے حقوق کے حصول کے لیے جدوجہد کرتے رہے ہیں، مگر ایپکا، منیر بلوچ کی مرکزی کابینہ کے اکثر عہدیداران بلوچستان میں موجود نہ ہونے کی وجہ سے ملازمین کے مسائل عدم توجہی کا شکار ہیں اور نتیجتاً بلوچستان کے ملازمین کے مسائل جوں کے توں پڑے ہیں۔

مرکزی کابینہ کی جانب سے بلوچستان کے ملازمین کے مسائل کو مسلسل نظرانداز کرنے کے باعث ہم یہاں موجود صوبائی و ضلعی عہدیداران صوبے کے مختلف یونٹس کے بعد نئی ایسوسی ایشن کے قیام کے مطالبے کے نتیجے میں اور ہزاروں ملازمین کے مسائل کو مدِ نظر رکھتے ہوئے ایپکا منیر بلوچ گروپ سے مستعفی ہو کر نئی ایسوسی ایشن ’آل بلوچستان کلرک اینڈ ٹیکنیکل ایمپلائز ایسوسی ایشن‘ کے قیام کا اعلان کرتے ہیں، جو باقاعدہ 1860ء ایکٹ کے تحت رجسٹرڈ ایسوسی ایشن ہے۔

اس نئی ایسوسی ایشن کے آرگنائزر شکرخان رئیسانی اور ڈپٹی آرگنائزر شمس اللہ کاکڑ منتخب کئے گئے ہیں۔ ہم تمام ساتھیوں کی کوشش ہے کہ ہم آل بلوچستان کلرک اینڈ ٹیکنیکل ایمپلائز ایسوسی ایشن کے پلیٹ فارم سے بلوچستان کے تمام سرکاری ملازمین کے تمام حقوق کے حصول کے لیے مثبت جدوجہد کریں۔ یہ پلیٹ فارم نہ صرف کلریکل سٹاف بلکہ ٹیکنیکل اور نان ٹیکنیکل سٹاف، درجہ چہارم، ڈرائیورز سمیت گریڈ 1 تا گریڈ16 کے تمام ملازمین کے تمام تر مطالبات کے لیے جدوجہد کرتا رہے گا۔ 

Comments are closed.