گوجرانوالہ: فنڈز کی عدم فراہمی کے باعث جناح لائبریری بند

|رپورٹ: سلمیٰ نذر|

جناح لائبریری گوجرانوالہ شہر کی مشہور لائبریری ہے مگر گذشتہ ایک ماہ سے لائبریری احتجاجاً بند کر دی گئی ہے۔ جب لائبریری کے سٹاف ممبران سے احتجاج کی وجہ دریافت کی گئی تو انہوں بتایا کہ 2015ء سے پہلے لائبریری میونسپل کارپوریشن کے ماتحت تھی اور وہی سٹاف کو تنخواہیں ادا کرنے کی پابند تھی۔ لائبریری کے دیگر اخراجات بھی میونسپل کارپوریشن کے زیر انتظام تھے۔

مگر 2015ء کے بعد لائبریری ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے سپرد کر دی گئی۔ 2016ء میں حکومتی احکامات کے بعد لائبریری دوبارہ میونسپل کارپوریشن کے ماتحت ٹھہری۔ مگر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ ان احکامات سے انجان لائبریری کے سٹاف کی تنخواہوں اور دیگر اخراجات ادا کرتا رہا۔

جب رولز آف بزنس میں تبدیلی کے احکامات ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے علم میں آئے تو انہوں نے لائبریری کے تمام امور سے ہاتھ کھینچ لیا۔ لائبریری سٹاف کے ایک ممبر کے بقول لائبریری کا بجلی کا بل، جو کہ ڈھائی لاکھ روپے بن چکا ہے، کی عدم ادائیگی کے باعث نومبر 2016ء سے لائبریری کی بجلی منقطع کر دی گئی ہے۔ اسی طرح پچھلے چار ماہ سے لائبریری سٹاف کی تنخواہیں بھی روک دی گئی ہیں جبکہ لائبریری کا ٹوٹل بجٹ ڈیڑھ کروڑ روپے ہے۔ سٹاف کی قلت ایک الگ مسئلہ ہے اور کوئی ان کا پرسانِ حال نہیں۔

لائبریری سٹاف نے شکوہ کیا کہ اس مشکل گھڑی میں لائبریری کے سٹوڈنٹ ممبران بھی ان کا ساتھ نہیں دے رہے جو اس احتجاج میں بھرپور شرکت کر سکیں۔ لائبریری سٹاف نے CEO سے اپنے مسائل کے حل کے لیے بات کی جہاں سے انہیں کوئی مثبت جواب حاصل نہ ہوا۔ ڈپٹی کمشنر نے دو ماہ قبل سیکرٹری لوکل گورنمنٹ کو ان تمام مسائل سے متعلق ایک خط لکھا جس کا جواب ابھی تک نہیں دیا گیا۔ لائبریری سٹاف کا کہنا ہے کہ ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے مسائل سے پوری طرح ہاتھ اٹھا دیئے ہیں اور میونسپل کارپوریشن بھی کچھ حرکت کرتی دکھائی نہیں دیتی اور جب تک اس لیٹر کا جواب موصول نہیں ہو گا تب تک مسائل جوں کے توں چلتے رہیں گے۔ حکومت ہے کہ جس کے کان پہ جوں تک نہیں رینگتی۔ ان حالات میں ریڈ ورکرز فرنٹ کی جانب سے لائبریری سٹاف کو اس بات کی یقین دہانی کرائی گئی کہ اس مشکل وقت میں ہم ان کے ساتھ ہیں اور ان کے احتجاج میں ان کے ساتھ بھرپور شرکت کریں گے۔

متعلقہ: لائبریری کا نوحہ