لاہور: ایپکا ایک بار پھر مطالبات کیلئے سڑکوں پر

رپورٹ: |RWF لاہور|

آج مورخہ 13جون 2016ء کوآل پاکستان کلرک ایسوسی ایشن(APCA) کے ملازمین حاجی ارشاد کی قیادت میں اپنے مطالبات کے حصول کیلئے پنجاب اسمبلی کے سامنے چیئرنگ کراس پر دھرنا دیے بیٹھے ہیں۔ ایپکا کے اہم مطالبات میں دہائیوں سے کنٹریکٹ پر کام کرنے والے محکمہ زکٰوۃ کے ملازمین کی مستقلی، سکیل 1 تا 16 کے تمام ملازمین کی اپ گریڈیشن، تمام ملازمین کیلئے گروپ انشورنس اور ایڈہاک ریلیف کو بنیادی تنخواہ میں ضم کیا جانا شامل ہیں۔ ایپکا ملازمین کا کہنا ہے کہ 9مئی 2016ء کو اسی چیئرنگ کراس پر آ کر ایپکا کے احتجاج میں حکومتِ پنجاب کے نمائندے زعیم قادری نے تمام مطالبات کو پورا کروانے کا وعدہ کیا تھا جبکہ ایپکا کے مرکزی صوبائی رہنما حاجی ارشاد کا کہنا ہے کہ آج پنجاب بجٹ میں تمام مطالبات کو پورا کیا جانے کا حکومتی وعدہ ہے۔ ایپکا کے ملازمین کا کہنا ہے کہ اگر آج بجٹ میں ان کے مطالبات پورے نہیں کیے جاتے تو پھر مطالبات کے پورا ہونے تک یہاں پر دھرنا دیا جائے گا۔
اپنے مطالبات کو پورا کروانے اور کامیاب ہونے کیلئے ضروری ہے کہ ایپکا کے تمام دھڑے اپنے حق کیلئے ایک پلیٹ فارم پر اکٹھے ہوں اور ساتھ ہی ان تمام اداروں اور یونینوں کو بھی یکجہتی کی دعوت دی جائے جو سروس سٹرکچر، تنخواہوں اور دیگر حقوق کیلئے جدوجہد کر رہے ہیں۔

Tags: × × ×

Comments are closed.