سوال۔ پرولتاریہ کن بنیادوں پر گھریلو دستکار یا چھوٹے پیمانے کی صنعت کے محنت کش سے مختلف ہوتا ہے؟

جواب۔ 16 ویں صدی سے لیکر18 ویں صدی تک گھریلو دستکار پیداواری آلات کا مالک رہا ہے۔ اس کے پاس کھڈی‘چرخہ اور دوسرے آلات سمیت زمین کے چھوٹے قطعات بھی ہوتے تھے۔ جہاں وہ فارغ اوقات میں کھیتی باڑی کرتا تھا۔ لیکن پرولتاریہ کے پاس آلات پیداوار سمیت کچھ نہیں ہوتا۔ گھریلو دستکار ہمیشہ اپنے سردار یا سربراہ سے جڑا ہوتا ہے۔ وہ اپنے آقا یعنی مالک یا ملازم کے ساتھ پیداواری رشتہ استوار کرتا ہے۔ اس کے برعکس پرولتاریہ بڑے قصبوں یاشہروں میں جہاں صنعت ہوتی ہے‘ قیام پذیر ہوتا ہے۔ اس کا تعلق اپنے آجر کے ساتھ کیش یا نقد رقم کی بنیاد پرہوتا ہے۔ گھریلو دستکار وسیع پیمانے پر پھیلتی ہوئی صنعت کے تابع ہو کر اپنی ملکیت کھو دیتا ہے اور پرولتاریہ کی شکل اختیار کر لیتا ہے۔