لاہور: بلوچستان میں پیرامیڈیکس پر ریاستی جبر کیخلاف پنجاب پیرا میڈیکل سٹاف ایسوسی ایشن کا احتجاجی مظاہرہ

|رپورٹ: نمائندہ ورکرنامہ|

گذشتہ روز پنجاب پیرامیڈیکل سٹاف ایسو سی ایشن اور ریڈ ورکرز فرنٹ(RWF) کے زیر اہتمام سروسز ہسپتال کے سامنے جیل روڈ پر ایک احتجاجی مظاہرہ ہوا جس میں پیرامیڈیکل سٹاف کے علاوہ ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن پنجاب، واپڈا ہائیڈرو یونین اور ترقی پسند صحافیوں نے شرکت کی۔ مظاہرے کے شرکاء نے حال ہی میں بلوچستان کے پیرامیڈیکل سٹاف کی احتجاجی ریلی پر ریاستی غنڈہ گردی، پکڑ دھکڑ اور جھوٹے مقدموں کی بھرپور مذمت کرتے ہوئے بلوچستان کے پیرامیڈیکس کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا۔

مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے پنجاب پیرامیڈیکل سٹاف ایسوسی ایشن کے مرکزی سیکرٹری جنرل یوسف بلا ، YDA پنجاب کے بانی رکن ڈاکٹر آفتاب اور دیگر مقررین نے کہا کہ دنیا بھر کے محنت کشوں ایک ہو جاؤ کے نعرے کے تحت نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا کے کسی بھی خطے میں محنت کشوں کے ساتھ کوئی ظلم ہو گا تو ہم آواز بلند کریں گے۔ مقررین نے بلوچستان کی صوبائی حکومت، آئی جی پولیس بلوچستان، ڈی جی ایف سی بلوچستان اور وفاقی حکومت کو وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ پنجاب کے پیرامیڈیکس مصیبت کی اس گھڑی میں بلوچستان کے پیرامیڈیکس کو ہر گز اکیلا نہیں چھوڑیں گے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ بلوچستان میں محکمہ صحت کے محنت کشوں کی احتجاجی تحریک پر ریاست غنڈہ گردی فی الفور بند کی جائے، تمام جھوٹے مقدمات کا خاتمہ کیا جائے اور تمام گرفتار پیرامیڈیکس فوراً رہا کئے جائیں۔ بلوچستان حکومت پیرامیڈیکس کو فوراً مذاکرات کی میز پر بلائے اور ان کے مطالبات پورے کرے۔ ایسا نہ کرنے کی صورت میں پنجاب پیرامیڈیکس سٹاف ایسوسی ایشن، پنجاب کے ہر شہر میں احتجاجی جلسے منعقد کرے گی اور اگر حکومت نے تب بھی بات نہ مانی تو پنجاب کے تمام ہسپتالوں میں آؤٹ ڈور ہڑتال بھی کی جا سکتی ہے۔ اس موقعہ پر ریڈ ورکرز فرنٹ کے ساتھیوں اور ماہانہ ورکرنامہ کے نمائندوں نے پنجاب پیرامیڈیکس سٹاف ایسوسی ایشن کو اپنے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

Comments are closed.