کوئٹہ: پی ڈبلیو ڈی کے محنت کشوں کی احتجاجی ریلی و مظاہرہ

|رپورٹ: ریڈورکرزفرنٹ، کوئٹہ|

گزشتہ روز پی اینڈ ڈبلیو ایمپلائز یونین (سی بی اے) کے زیراہتمام سی اینڈ ڈبلیو کمپلیکس کوئٹہ میں اپنے معاشی مطالبات کے حق میں احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرین نے سی اینڈ ڈبلیو کے اعلیٰ حکام اور نااہل صوبائی حکومت کیخلاف شدید نعرے بازی کی۔ مظاہرے میں کوئٹہ کے محنت کشوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ مظاہرین نے مختلف پلے کارڈز اور بینرز اٹھائے رکھے تھے جن پر اپنے مطالبات اور حکومت کیخلاف نعرے درج تھے۔

سی اینڈ ڈبلیو کمپلیکس میں احتجاج کے بعد یونین صدر قاسم خان کاکڑ کی قیادت میں پریس کلب کی طرف احتجاج ریلی نکالی، جو کہ مختلف شاہراؤں سے ہوتے ہوئے پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرے میں تبدیل ہوئی۔ پریس کلب کے سامنے مظاہرین نے ایک بار پھر سی اینڈ ڈبلیو کے اعلیٰ حکام اور حکومت کیخلاف شدید نعرے بازی کی۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے پی ڈبلیو ڈی ایمپلائز یونین (سی بی اے) کے صدر قاسم خان کاکڑ، طارق محمود، حاجی مسلم اور بلوچستان لیبر فیڈریشن کے عابد حسین بٹ نے کہا کہ محکمہ مواصلات اور پی ڈبلیو ڈی میں فوت شدہ ملازمین اور ریٹائرڈ ملازمین کی خالی پوسٹوں پر متعلقہ محکمہ کے بیورو کریٹس اور حکومتی نمائندے نئے لوگوں کو بھرتی کر رہے ہیں، جو کہ یتیم بچوں اور بیواؤں کے ساتھ کھلا ظلم ہے۔ اس حوالے سے آج صوبے بھر میں پی ڈبلیوڈی کے محنت کش احتجاجی مظاہرے کر رہے ہیں۔

اْنہوں نے مزید کہا کہ 1000 ملازمین کی تنخواہیں بوجہ پوسٹوں کے نہ ہونے کیوجہ سے بند ہیں، جن میں خضدار، واشک، مستونگ، شیرانی، چمن اور بولان کے مزدور شامل ہیں، جبکہ دوسری طرف حکومت موجودہ محنت کشوں کے مسائل حل کرنے کی بجائے نئی سیاسی بھرتیاں کر رہی ہے۔ اس کے علاوہ گذشتہ دو سالوں سے پروموشن کمیٹی کا محنت کشوں کی پروموشنز کے حوالے سے ایک بھی میٹنگ نہیں ہوا، جس پر چیف انجینئر نے کوئی شنوائی نہیں کی اور ہمیں مجبوراًاحتجاج کرنا پڑرہا ہے۔ مقررین نے مزید کہا کہ باقی تینوں صوبوں میں لواحقین بھرتی ہو رہے ہیں، جبکہ حکومت پاکستان کے نوٹیفیکیشن کے تحت صرف بلوچستان میں پابندی ہے۔ جبکہ دوسری طرف اس حولے سے محنت کشوں کی سپریم کورٹ میں دائرکردہ درخواست کے فیصلے کا بھی انتظار نہیں کیا جا رہا ہے اور خالی پوسٹوں کو جلدازجلد پر کرنے کی سازش ہو رہی ہے، جسے ہم ہر صورت میں ناکام بنا دینگے اور محنت کشوں کا حق کسی کو بھی چھیننے نہیں دینگے۔ اور اس حولے سے اپنے اپنے احتجاج کو مزید سخت کرینگے۔
ریڈورکرزفرنٹ، پی ڈبلیوڈی کے محنت کشوں کے مطالبات کی بھرپور حمایت کرتا ہے اور حکومت سے پرزورالفاظ میں مطالبہ کرتا ہے کہ وہ محکمے کے محنت کشوں کے مسائل کو فوری طور پر حل کریں۔ 

Tags: × ×

Comments are closed.