لاہور: 2فروری یوم سیاہ؛ پی آئی اے کے شہدا کی پہلی برسی، ریاستی جبر کے خلاف سیمینار اور احتجاجی مظاہرہ

|رپورٹ: ریڈ ورکرز فرنٹ، لاہور|

گزشتہ سال 2 فروری کو پی آئی اے کی نجکاری کے خلاف احتجاج کرنے والے پی آئی اے کے محنت کشوں پر کراچی ائیر پورٹ پر رینجرز اور پولیس کی جانب سے حکومتی ایما پر اندھا دھند فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں پی آئی اے کے دو محنت کش ’’ عنایت رضا اور سلیم اکبر‘‘ شہید ہوگئے تھے۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے کسی بھی سرکاری ادارے کے محنت کشوں پر فائرنگ کا یہ اپنی نوعیت کا پہلا واقعہ ہے۔ ایک سال گزر جانے کے بعد بھی ان شہدا کے قاتل حکمرانوں کے خلاف کوئی کاروائی عمل میں نہیں لائی گئی۔ آج بھی یہ مزدور دشمن حکومت پی آئی اے سمیت کئی قومی اداروں کی نجکاری کرکے انہیں اونے پونے داموں بیچنے کے درپے ہے۔

مذکورہ شہدا کی پہلی برسی کے موقع پر اس ریاستی جبر اور قومی اداروں کی نجکاری کے خلاف محنت کشوں کی نمائندہ تنظیم ’’ریڈ ورکرز فرنٹ(RWF)‘‘ اور ماہانہ ’’ورکرنامہ‘‘ کی جانب سے 2فروری 2017ء بروز جمعرات لاہور پریس کلب میں دوپہر 2بجے ایک سیمینار منعقد کیا گیا اور اس دن کو ملک گیر یوم سیاہ کے طور پر منایا گیا۔ اس پروگرام میں پی آئی اے، واپڈا، ریلوے، پی ٹی سی ایل، پنجاب ٹیچرز یونین، ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن، پیرامیڈیکس، پپلاسمیت دیگر اداروں کے محنت کشوں اور ترقی پسند طلبہ تنظیموں کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔ پروگرام کے مہمان خصوصی ریڈ ورکرز فرنٹ کے مرکزی آرگنائزر ڈاکٹر آفتاب اشرف تھے۔

پروگرام کے آغاز میں ریڈ ورکرز فرنٹ لاہور کے رہنما ڈاکٹر ولید احمد خان نے PIA کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ عنایت رضا اور سلیم اکبر کا لہو ہم سے نجکاری کیخلاف حتمی جدوجہد کا تقاضا کر رہا ہے۔

پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے ریلوے محنت کش یونین کے رہنما صدیق بیگ، PIA ڈیلی ویجز محنت کشوں کے نمائندہ ذیشان، واپڈا ہائیڈرو یونین کے رہنما مقصود ہمدانی، PTCL ایمپلائز یونین کے رہنما صابر بٹ اور لطف اللہ، پیرامیڈیکس ایسوسی ایشن کے رہنما یوسف بلا اور جاوید چوہان، واسا سے راؤ ریاض، پنجاب ٹیچرز یونین کے رہنما اللہ بخش قیصر، پپلا لاہور ڈویژن کی رہنما فائزہ رانا، لاہور پریس کلب کے سابق سیکرٹری ذوالفقار مہتو اور پروگریسو یوتھ الائنس(PYA) کے مرکزی آرگنائزر زین العابدین نے خطاب کرتے ہوئے PIAکے محنت کشوں پر ہونے والے ریاستی جبر کی بھرپور مذمت کی اور تمام قومی اداروں کی نجکاری کیخلاف مشترکہ جدوجہد کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ پروگرام میں اسٹیج سیکرٹری کے فرائض راشد خالد نے سرانجام دیئے۔

پروگرام کے بعد پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس میں حکمرانوں کی مزدور دشمنی اور قومی اداروں کی نجکاری کیخلاف بھرپور نعرے بازی کی گئی۔

Tags: × × × × ×

Comments are closed.