سوال۔ انقلابی پارٹی کیا ہوتی ہے؟

جواب۔ ایک پارٹی محض ایک تنظیمی ہیئت ‘ایک نام‘ایک جھنڈا‘افراد کا مجموعہ یا مشینری نہیں ہوتی۔ کسی مارکسسٹ کیلئے ایک انقلابی پارٹی پہلے ایک پروگرام ‘طریقہ ہائے کار‘ تصورات اور روایت ہوتی ہے اور پھر کہیں دوسرے درجے پر ایک تنظیم اور ایک مشینری ہوتی ہے(اس میں کوئی شک نہیں کہ یہ بھی اہم ہوتی ہیں)تاکہ ان تصورات کو محنت کش طبقے کی وسیع تر پرتوں تک پہنچایاجا سکے۔ مارکسی پارٹی کیلئے ضروری ہے کہ وہ شروع ہی سے نظریہ اور پروگرام کی بنیاد بنائے جو پرولتاریہ(محنت کش طبقہ) کے مجموعی تاریخی تجربے کا نچوڑ ہوتا ہے۔اس کے بغیر یہ کچھ بھی نہیں ہے۔انقلابی پارٹی کی تعمیر کے کام کا آغاز ہمیشہ کیڈروں کو جمع کرنے اور ان کی تعلیم اور تربیت کرنے سے ہوتا ہے جو پارٹی کی ساری زندگی کے دوران ریڑھ کی ہڈی کا کام کرتے ہیں۔ یہ مسئلے کا پہلا حصہ ہے لیکن صرف پہلا حصہ۔ دوسرا حصہ زیادہ پیچیدہ ہے:محنت کشوں کی اکثریت تک اپنا پروگرام اور تصورات کیسے پہنچائے جائیں۔