|رپورٹ: انقلابی کمیونسٹ پارٹی، ”آزاد“ کشمیر|
ہیلتھ ایمپلائز فیڈریشن ”آزاد“ کشمیر کے زیر اہتمام شعبہ صحت کے محنت کشوں نے 26 جنوری سے احتجاجی تحریک کا آغاز کیا ہے۔ جس میں لیڈی ہیلتھ ورکرز، ینگ ڈاکٹرز، ینگ نرسز، پیرامیڈکس اور ٹیکنیشنز شامل ہیں۔ احتجاجی تحریک کا مقصد شعبہ صحت کے محنت کشوں کے لیے الائیڈ ہیلتھ فاؤنڈیشن کا قیام، سروس اسٹرکچر، پنشن کا حصول، ڈرگ لائسنس، یونین سازی کی اجازت، MNCH پروگرام کی مستقلی اور دیگر مطالبات شامل ہیں۔ ملازمین کی جانب سے متعدد مرتبہ مطالبات پیش کرنے کے باوجود عمل درآمد نہیں کیا گیا تو انہوں نے 13 فروری سے دو گھنٹے 10 سے 12 بجے کی ٹوکن ہڑتال کا اعلان کر دیا گیا اس دوران ایمرجنسی سروس جاری رکھی گئی۔ آج 27 فروری بروز جمعہ کو ایک احتجاجی ریلی کا انعقاد کیا جائے گا۔ جس کا آغاز CMH راولاکوٹ سے صبح 10 بجے کیا جائے گا۔
اس حوالے سے انقلابی کمیونسٹ پارٹی کے کارکنان نے 23 فروری کو بیسک ہیلتھ یونٹ کھائی گلہ کا دورہ کیا اور لیڈی ہیلتھ سپروائزر محترمہ صفیہ اور روزینہ صاحبہ سے نشست کی گئی۔ جس میں ان سے اس تحریک اور لیڈی ہیلتھ ورکرز کی طویل جدوجہد کے حوالے سے تفصیلی گفتگو کی گئی۔ میڈم صفیہ نے بتایا کہ 1994ء سے لیڈی ہیلتھ ورکرز نے سخت موسم اور دشوار گزار راستوں سے گزر کر گھر گھر جا کر بنیادی صحت کی سہولیات فراہم کی ہیں جن میں پولیو کے قطرے، حاملہ خواتین کی رجسٹریشن، ابتدائی طبی امداد، ٹی بی پروگرام، ویکسینشن اور دیگر وبائی امراض سے متعلقہ طبی امداد بھی شامل ہیں۔ لیڈی ہیلتھ ورکز نے اپنی انتھک محنت سے ”آزاد“ کشمیر کو پولیو فری بنایا ہے۔ 2012ء میں سپریم کورٹ آف پاکستان نے پاکستان بھر کی لیڈی ہیلتھ ورکرز کو مستقل کرنے کے احکامات جاری کیے تھے لیکن گورنمنٹ آف ”آزاد“ کشمیر نے اس فیصلے پر تا حال عملدر آمد نہیں کیا۔ 2016ء میں اس فیصلے پر عملدر آمد کے لیے تحریک چلائی گئی جو نوے دن جاری رہی۔ حکومت نے اس تحریک کو کچلنے کے لیے ہر طریقہ استعمال کیا لیکن لیڈی ہیلتھ ورکرز نے جھکنے سے انکار کر دیا اور آخر کار حکومت لیڈی ہیلتھ ورکرز کو مستقل کرنے کا نوٹیفیکیشن جاری کرنے کے لیے مجبور ہوئی۔ اس نوٹیفیکیشن کے اجراع کے بعد سے اب تک سروس اسٹرکچر اور پنشن کے حوالے سے کوئی پالیسی واضح نہیں کی گئی۔ یہ صورتحال حکومت کی جانب سے لیڈی ہیلتھ ورکرز کے بنیادی حقوق پر دھوکہ دہی پر مبنی ایک ڈاکہ ہے۔
انقلابی کمیونسٹ پارٹی شعبہ صحت کے محنت کشوں کی جراتمندانہ جدوجہد کو خراجِ تحسین پیش کرتی ہے اور ہیلتھ ایمپلائز فیڈریشن کے چارٹر آف ڈیمانڈ کی مکمل حمایت کا اعلان کرتی ہے۔ ہم شعبہ صحت کے محنت کشوں کی اس مزاحمت اور حقوق کے حصول کی جدوجہد میں ہر قدم پر ان کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔


















In defence of Marxism!
Marxist Archives
Progressive Youth Alliance