گڈانی: 360مزدوروں کی برطرفی کے خلاف ہڑتال

رپورٹ: |ورکرنامہ|
گڈانی شپ بریکنگ یارڈ میں360مزدور کی برطرفی کے خلاف مزدوروں نے شپ بریکنگ یارڈ پر ہڑتال کردی جس سے تین دن تک شپ بریکنگ میں کام بند کردیا گیا۔ مزدوروں نے مطالبہ کیا تھا کہ برطرف 360مزدوروں کو فل الفور بحال کیا جائے اور جب تک ہمارے مطالبات پورے نہیں ہونگے ہم ہڑتال جاری رکھیں گے۔ گڈانی پولیس ایس ایچ او جان محمد ساسولی و دیگر آفیسران نے مظاہرین سے مذاکرات کئے اور تین دن تک مسلسل مذاکرات میں مزدوروں کے مطالبات تسلیم کئے گئے اور تمام برطرف مزدور اپنی ملازمت پر بحال کئے گئے۔

مزدور نمائندہ اور گڈانی شپ بریکنگ مزدور یونین کے صدر بشیر احمد محمودانی اور دیگر نے بتایا کہ شپ بریکنگ یارڈ میں مزدور کافی عرصے سے بدترین استحصال کا شکار ہیں۔ انہیں سوشل سکیورٹی اور ای او بی آئی(EOBI) میں رجسٹریشن بھی نہیں کرایا جاتا جو کہ مزدور دشمن رویہ ہے جس کو ختم ہونا چاہئے اور مزدوروں کی جائز حقوق دلانے کیلئے ہم تمام مزدوروں کی جدوجہد مسلسل جاری رہے گی۔ انہوں نے بتایا کہ چند مفاد پرست عناصر مزدوروں کو گروپ وائز تقسیم کرکے مسلسل وار کررہے ہیں اور دوسری طرف ایک نام نہاد سی بی اے یونین بھی مزدورں کے مسائل حل کرانے میں ناکام ثابت ہوچکی ہے مگر نام نہاد CBAیونین کی پشت پناہی بڑی طاقتیں کرتی ہیں جس کی وجہ سے مزدورں کا مسلسل استحصال ہورہاہے۔ انہوں نے بتایا کہ جب تک مزدورں کا استحصال جاری رہے گا اس وقت تک مزدور مفاد میں ہماری جدوجہد بھی جاری رہے گی اور یہ کالی رات ایک دن ضرور ختم ہوگی۔

Comments are closed.