لاہور: پنجاب ڈینٹل ہسپتال میں ینگ ڈاکٹرز کی ہڑتال کا چوتھا دن

punjab-dental-hospital-lahore-file-photo

رپورٹ: |ریڈ ورکرز فرنٹ|
پنجاب ڈینٹل ہسپتال میں ینگ ڈاکٹرز کی محدود ہڑتال آج چوتھے دن میں داخل ہو چکی ہے جبکہ حکومت اور انتظامیہ کی جانب سے تاحال کسی ردعمل کا مظاہرہ نہیں کیا گیا۔ ینگ ڈاکٹرز کی ہڑتال کا مقصد ہسپتال میں خراب مشینری کی مرمت، ڈینٹل یونٹس کی فراہمی، تباہ حال ڈیپارٹمنٹس کی مرمت اور مریضوں کو درپیش مسائل کا حل شامل ہیں۔ اس سلسلے میں انتظامیہ سے متعدد میٹنگز ہو چکی ہیں لیکن انتظامیہ کی ہٹ دھرمی اور بے حسی سے مجبور ہو کر ڈاکٹرز نے یہ انتہائی قدم اٹھایا ہے۔

یہاں یہ واضح کرنا ضروری ہے کہ ہڑتال فی الحال آپریشنز ڈیپارٹمنٹ میں ہو رہی ہے جو کہ سب سے زیادہ عدم توجہ کا شکار ہے جبکہ باقی تمام ڈیپارٹمنٹ احتجاج میں حصہ لینے کے ساتھ ساتھ اپنے تمام تر پیشہ ورانہ فرائض سر انجام دے رہے ہیں۔ ینگ ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ بوسیدہ انفرا سٹرکچر اور بیشتر ڈینٹل یونٹس ناکارہ ہونے کے باعث مریضوں کو علاج معالجے کی سہولیات فراہم کرنا ممکن نہیں جس کی وجہ سے وہ کام بند کرنے پر مجبور ہوئے ہیں۔
ڈی مونٹ پنجاب کا سب سے بڑا اور پرانا ڈینٹل ہسپتال ہے جہاں انتظامیہ اور حکومت کی عدم توجہی جان لیوا ثابت ہو رہی ہے۔ ینگ ڈاکٹرز کیلئے ضروری ہے کہ وہ اس وقت کی معاشی صورتحال اور حکومت کی نجکاری اور کٹوتیوں کی پالیسی کو سمجھتے ہوئے موثر حکمت عملی بنائیں تاکہ غریب مریضوں کو صحت کی بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

Comments are closed.