لسبیلہ: آل لسبیلہ مزدور اتحاد کی پی ڈبلیو ڈی کی کال پر احتجاجی ریلی

|رپورٹ: ثنا زہری|

آل لسبیلہ مزدور اتحاد کی جانب سے پی ڈبلیوڈی کی کال پر بروز جمعہ 13اکتوبر ضلعی ہیڈ کوارٹر اتھل میں محنت کشوں کے دیرینہ مطالبات کے حق میں احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ ریلی کا آغاز بی اینڈ آر کے دفتر سے ہوا۔ مظاہرین نے قومی شاہراہ مین آر سی ڈی روڈ سے ہوتے ہوئے اتھل بازار کا گشت کیا۔ محنت کشوں نے ہاتھوں میں بینر اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر محنت کشوں کے مطالبات کے حق میں نعرے درج تھے اور ریلی شرکا شدید نعرے بازی کر رہے تھے۔ محنت کش مظاہرین نے کہا کہ بیوروکریسی اور صوبائی حکومت ان کے مطالبات کو حل کرنے میں سنجیدہ نہیں ہے۔ مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ 

1۔ ریٹائرڈ اور فوت شدہ ملازمین کی جگہ ان کے لواحقین کی بھرتیوں کو یقینی بنایا جائے ۔

2۔ بی اینڈ آر کے ملازمین کی عرصہ دراز سے بند تنخواہیں جلد از جلدادا کی جائیں۔ تنخواہیں نہ ملنے کی وجہ سے محنت کش بدحال ہیں اور ان کے گھروں کے چولھے ٹھنڈے پڑگئے ہیں

3۔ جن ملازمین کے پروموشن کے کیسز چیف انجینئر کے پاس عرصہ دراز سے پینڈنگ میں پڑے ہیں ان کے فی الفور پروموشن آرڈر جاری کیے جائیں۔

4۔ سی اینڈ ڈبلیو کے بینوولینٹ فنڈ کو تنخواہوں میں ضم کیا جائے۔

5۔ گینگوں اور بلڈنگ کے ملازمین کو ان کے کام کے نوعیت کے مطابق اوزار فراہم کیے جائیں۔

6۔ گریڈ 5 سے 11 کے ملازمین کو دیگر صوبوں کی طرح اپ گریڈ کیا جائے۔

7۔ زرعی انجینئرنگ ڈپارٹمنٹ میں سپرنٹنڈنٹ تعینات کیا جائے۔ سپرنٹنڈنٹ نہ ہونے کی وجہ سے ملازمین سخت مسائل و مشکلات کے شکار ہیں۔

مزید برآں مظاہرین کا کہنا تھا کہ مطالبات کے حل تک احتجاج جاری ہے گا۔ احتجاج میں ایپکا اور محکمہ زراعت کے ملازمین اور یونین عہدیدار بھی شامل تھے۔ انہوں محنت کشوں کو اپنے تعاون کا یقین دلا یا اور اعادہ کیا کہ محنت کشوں کی جدو جہد میں بھر پور کردار ادا کرتے رہیں گے اور کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔

Tags: × ×

Comments are closed.