|رپورٹ: انقلابی کمیونسٹ پارٹی، بلوچستان|

یوم مئی 2025ء کی مناسبت سے انقلابی کمیونسٹ پارٹی کی جانب سے ملک گیر سطح پر بھرپور مزدور سرگرمیوں کا انعقاد کیا گیا۔ ملک بھر میں کمیونزم کے انقلابی نظریات محنت کشوں، نوجوانوں اور طلبہ تک پہنچائے گئے۔ اسی سلسلے میں پارٹی کی جانب سے بلوچستان میں بھی کے مختلف شہروں میں سرگرمیاں کی گئیں۔ جس میں کوئٹہ، لورالائی، ژوب اور خاران شامل ہیں۔
کوئٹہ
کوئٹہ شہر میں انقلابی کمیونسٹ پارٹی کے کارکنان نے محنت کشوں کی یونینز کے ساتھ مل کر 2 مزدور جلسوں کے انعقاد میں بھرپور کردار ادا کیا، جبکہ پارٹی کے ریجنل آفس میں ہفتے کے دن یوم مئی کے سلسلے میں کمیونسٹ سرکل کا انعقاد بھی کیا گیا۔
انقلابی کمیونسٹ پارٹی کے ساتھیوں نے پاکستان یونائٹڈ ورکرز فیڈریشن سمیت کیسکو لیبر یونین، پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ایمپلائیز یونین، ڈرافٹس مین ایسوسی ایشن، اریگیشن، محکمہ خوراک، پیرامیڈکس اور دیگر تنظیموں کے ساتھ ان کی ریلی میں شرکت کی۔ریلی کا آغاز اریگیشن ڈیپارٹمنٹ کے دفتر سے ہوا جو کہ مختلف شاہراہوں سے ہوتے ہوئے بالآخر کوئٹہ پریس کلب میں احتجاجی جلسہ عام کی شکل میں تبدیل ہوا۔ جلسے میں سینکڑوں کی تعداد میں محنت کشوں نے شرکت کی اور مقررین نے خطاب کرتے ہوئے شکاگو کے شہداء کو خراج تحسین پیش کیا۔
انقلابی کمیونسٹ پارٹی کی نمائندگی کرتے ہوئے کامریڈ کریم پرہار نے شہدائے شکاگو کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ شکاگو کے شہداء کی قربانی سے ہمیں یہ سبق حاصل کرنا ہے کہ اس وقت سرمایہ داری اپنی تاریخ کے بدترین بحران کی کیفیت میں ہے اور اس کا بوجھ محنت کشوں پر ڈالا جارہا ہے۔ لہٰذا محنت کشوں کے حالت دن بدن خراب ہوتے جارہے ہیں۔ ایسے میں محنت کش طبقے کو مزدور نظریات سے خود کو مسلح کرنا ہوگا اور ایک سوشلسٹ سماج کی تعمیر کے لیے اپنی تمام تر توانائیوں کو خرچ کرنا ہوگا۔ اس کے علاوہ کوئی راہ نجات نہیں ہے اور اس ضمن میں مزدور تحریک کا اگلا قدم عام ہڑتال ہونا چاہیے تاکہ ہم حکمران طبقے کو محنت کش طبقے کی اصل طاقت دکھا سکیں۔
دوسری جانب انقلابی کمیونسٹ پارٹی کے ساتھیوں نے بلوچستان لیبر فیڈریشن، واسا ایمپلائز یونین، واپڈا ہائڈرو یونین، میونسپل کارپوریشن کے مزدوروں، پی ڈبلیو ڈی ایمپلائز یونین سمیت دیگر مزدور تنظیموں کے احتجاجی جلسہ عام میں شرکت کی جوکہ میونسپل کارپوریشن کے سبزہ زار میں منعقد کیا گیا تھا، یاد رہے کہ اس جلسے میں سینکڑوں کی تعداد میں مزدوروں نے بھرپور شرکت کی انقلابی کمیونسٹ پارٹی کے ساتھیوں نے نہ صرف اس احتجاجی جلسہ عام میں شرکت کرتے ہوئے اظہار یکجہتی کی بلکہ انقلابی لٹریچر کا سٹال بھی لگایا، جس میں مزدوروں کی دلچسپی قابل دید تھی۔
یوم مئی کی سلسلے میں کوئٹہ شہر میں تیسری سرگرمی انقلابی کمیونسٹ پارٹی کے ریجنل آفس میں ہفتہ وار کمیونسٹ سرکل کی شکل میں منعقد ہوئی، جس میں سرکل کا عنوان ”عالمی یومِ مزدور: سرمایہ داری کے خلاف انقلابی جنگ کا تسلسل“ تھا۔ جس میں مفصل انداز سے یوم مئی کا نہ صرف تاریخی جائزہ لیا گیا بلکہ سرمایہ داری کے زوال اور خصوصی طور پر موجودہ عہد میں مزدور تحریک کی عالمی سطح پر نئی اٹھان کو بھی زیرِ بحث لایا گیا۔
خاران
بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ شہر سے جنوب میں 300 کلو میٹر کی دوری پر واقع خاران میں انقلابی کمیونسٹ پارٹی اور لیبر یونین خاران کے زیر اہتمام احتجاجی ریلی نکالی گئی جوکہ شہر کے مختلف راستوں سے ہوتے ہوئے خاران پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرے کی صورت اختیار کر گئی۔
احتجاجی مظاہرے میں شریک مزدور ساتھیوں نے نہ صرف انقلابی کمیونسٹ پارٹی کے پروگرام کو سراہا بلکہ مستقبل میں انقلابی کمیونسٹ پارٹی کے ساتھ اس طرح کی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کا عہد کیا۔
لورالائی
اس کے علاوہ لورالائی میں انقلابی کمیونسٹ پارٹی کے ساتھیوں نے مزدور نمائندہ تنظیموں کے ساتھ مل کر یوم مئی کا پروگرام منعقد کیا اس پروگرام میں شریک مزدور تنظیموں کے ساتھیوں نے پورے شہر کے اندر ریلی نکالی اور ریلی کا اختتام میونسپل کارپوریشن کے ہال میں ایک پروقار تقریب کی شکل میں ہوا۔ جہاں تمام مزدور رہنماؤں بشمول انقلابی کمیونسٹ پارٹی کے ساتھیوں نے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
ژوب
ژوب میں انقلابی کمیونسٹ پارٹی کے ساتھیوں نے مزدور ساتھیوں کے ساتھ یوم مئی کے سلسلے میں مختصر نشست کا اہتمام کیا جہاں پر پہلی بار یوم مئی کے سلسلے میں پروگرام نے نہ صرف مزدور ساتھیوں کو حوصلہ دیا بلکہ دیگر سیاسی کارکنوں نے بھی اس سلسلے میں رابطے کیے۔ اور ان رابطہ کاری کے سلسلے میں انہوں نے مستقبل میں انقلابی کمیونسٹ پارٹی کے ساتھ مشترکہ سرگرمیوں کے انعقاد کا کے عزم کا اظہار کیا۔
اس کے علاوہ یوم مئی کی تیاریوں کے سلسلے میں بلوچستان کے مختلف شہروں میں انقلابی کمیونسٹ پارٹی کی جانب سے شایع کردہ خصوصی پورسٹرز بھی چپساں کئے گئے۔ اور مزدور راج کے قیام کے لئے کمیونزم کے انقلابی نظریات پر مبنی محنت کشوں کی پارٹی تعمیر کرنے کی اہمیت کا پیغام محنت کشوں، طلبہ اور نوجوانوں تک پہنچایا۔ ہم اپکو دعوت دیتے ہیں کہ اس پارٹی کے ممبر بن کر نئے سماج کے تعمیر کی جدوجہد کا حصہ بنیں۔ انقلابی کمیونسٹ پارٹی کا ممبر بننے کے لئے یہاں کلک کریں!