کوئٹہ: پیرامیڈیکل سٹاف کے محنت کشوں پر ریاستی اداروں کی یلغار! سینکڑوں محنت کش گرفتار!

|رپورٹ: ریڈ ورکرز فرنٹ، کوئٹہ|

پیرامیڈیکل سٹاف فیڈریشن کے محنت کش 17 اپریل  2017 سے اپنے مطالبات کی منظوری کے لئے برسرِاحتجاج ہیں۔ گذشتہ روز  یوم مئی کے موقع پر پیرا میڈیکس کے محنت کش ہڑتالی کیمپ سے ریلی کی صورت میں مختلف شاہراؤں سے ہوتے ہوئے بالآخر میونسپل کارپوریشن کے سبزہ زار میں یومِ مئی کے جلسے میں شریک ہوئے۔ پیرامیڈیکل اسٹاف کی ریلی میں شامل محنت کشوں نے مُختلف بینرز اور پلے کارڈز اُٹھائے  ہوئے تھے جن پر اُن کے مطالبات اور شکاگو کے شہیدوں کی جدوجہد کے اعتراف میں نعرے درج تھے۔

پیرامیڈیکل اسٹاف کے محنت کشوں نے جلسے میں شرکت کے بعد  میونسپل کارپوریشن، کوئٹہ کے سبزہ زار میں احتجاجی دھرنا شروع کر دیا اور احتجاج پر بیٹھ گئے لیکن حکومت نے ریاستی مشینری استعمال کرتے ہوئے  محنت کشوں پر حملہ کر  دیا اور انہیں بے رحمی سے  زدوکوب اور تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد گرفتار کرکے شہر کے مختلف تھانوں میں لے گئے۔

واضح رہے کہ پیرامیڈیکل اسٹاف کا احتجاج 17 اپریل کو لانگ مارچ کی شکل میں صوبہ بھر کے مضافاتی علاقوں سے شروع ہوا تھا اور حکومت کی طرف سے اس لانگ مارچ کو سبوتاژ کرنے کیلئے اُن پر تشدد کا سہارا بھی لیا گیا۔لیکن  پیرامیڈیکس کے غیور محنت کش اپنی جدوجہد سے پیچھے نہیں ہٹے۔ لانگ مارچ کے شرکاء کی منزل کوئٹہ تھا مگر حکومت کی ہٹ دھرمی اور مزدور دشمنی کی وجہ سے ان  محنت کشوں کو داخل نہ ہونے دیا گیا جس کے بعد وہ کوئٹہ شہر کے باہر احتجاجی کیمپ لگا کر بیٹھ گئے۔ آج یوم مئی کے جلسوں میں شرکت کیلئے  وہ شہر میں داخل ہوئے اور حکومت نے انہیں گرفتار کر لیا۔

ہم ریڈورکرزفرنٹ کی جانب سے پیرامیڈیکل اسٹاف کے پر ریاست کے بیجا ظلم اور تشدد کی مذمت کرتے ہیں اور پیرامیڈیکس کے محنت کشوں کے مطالبات کی مکمل حمایت کرتے ہوئے ان کی فتح تک شانہ بشانہ چلنے کا اعلان کرتے ہیں۔

Comments are closed.