فیصل آباد: یوم مئی پر ریڈ ورکرز فرنٹ کی احتجاجی ریلی

|رپورٹ: ریڈ ورکرز فرنٹ، فیصل آباد|

فیصل آباد میں یوم مئی کے موقع پر ریڈ ورکرز فرنٹ کی جانب سے چوک کچہری بازار تا ضلع کونسل ہال تک ریلی نکالی گئی۔ ریلی میں پیپسی کولا فیکٹری فیصل آباد اورپاور لومز کے ورکرز نے بھرپور شرکت کی۔ مذکورہ ریلی ریڈ ورکرز فرنٹ نے اپنے ”عام ہڑتال“ کے نعرے کیساتھ نکالی۔ پریس کلب کے سامنے ریڈ ورکرز فرنٹ کے سرگرم کارکن عبداللہ رحمت نے ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے یہ واضح کیا کہ آخر کیوں اس وقت پاکستان کی مجموعی معاشی و سیاسی صورت حال میں حکمرانوں کی جانب سے کیے جانے والے مختلف معاشی حملوں کا جواب ایک ملک گیر عام ہڑتال کے ذریعے دینا ضروری ہے۔

محنت کشوں کی دیگر ریلیاں بھی ضلع کونسل چوک پہنچیں جن میں پاور لومز ورکرز، بھٹہ مزدور، کوکا کولا فیکٹری فیصل آباد، اتحاد ٹیکسٹائل کھڑڑیانوالہ، فیصل ٹیکسٹائل، کلرک ایسوسی ایشن اور دیگر اداروں کے محنت کشوں کی ریلیاں شامل ہیں۔ ریڈ ورکرز فرنٹ کی جانب سے تمام ریلیوں کے شرکاسے اظہار یکجہتی کیا گیا اور عام ہڑتال کے نعرے پر مبنی لیف لیٹ تقسیم کیے گئے جسے محنت کشوں میں بہت پذیرائی ملی۔ ریلیوں میں خواتین محنت کشوں کی بھی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔

مزدوروں کے عالمی دن پر فیصل آباد کا ضلع کونسل چوک ایک مرکزی جگہ بن جاتا ہے جہاں شہر بھر کے مزدور اکٹھے ہوتے ہیں اور یوم مئی کو ایک تہوار کی طرح مناتے ہیں۔ یہ اکٹھ چیخ چیخ کر محنت کشوں کی قوت کا اعلان کرتا ہے۔ ریڈ ورکر فرنٹ یہ سمجھتا ہے کہ پاکستان کا محنت کش طبقہ اپنی اس قوت کا اظہار فوری طور پر ایک ملک گیر عام ہڑتال کے ذریعے کرنے کی تمام تر قوت و صلاحیت رکھتا ہے۔

Comments are closed.