ٹنڈومحمد خان: سندھ آبادگار شوگر ملز کے محنت کشوں کو در پیش مشکلات

|رپورٹ: ذوالقرنین لنڈ۔ریڈ ورکرز فرنٹ|

ٹنڈو محمد خان: سندھ آبادگار شوگر ملز

ضلع ٹنڈومحمدخان کی تحصیل بلڑی شاہ کریم میں واقع سندھ آبادگار کے نام سے شوگر مل میں محنت کش مل مالک اور انتظامیہ کے شدید استحصال اور جبر کا شکار ہیں۔ مل کو 32 سال کا عرصہ گذرنے کے باوجود مزدوروں اور مقامی لوگوں کو مل انتظامیہ کی طرف سے کوئی بھی بنیادی سہولیات مہیا نہیں کی گئی۔ موجودہ وقت میں بھی ایسے مزدوروں کی اکثریت ہیں جو ایک بڑے عرصے سے مل میں اپنی محنت فروخت کررہے ہیں لیکن آج تک ان کو تقرری کا لیٹر نہیں مل سکا اور نہ ہی انھیں مستقل طور پر رکھنے کا کوئی طریقہ کار اپنایا گیا۔اس کے سبب مل کے محنت کشوں کے سروں پر بیروزگاری کی تلوار لٹک رہی ہے اور انھیں انتظامیہ کی مرضی پر رکھا یا نکالا جاسکتا ہے۔ اوقات کار کی کوئی حد نہ ہونا روز کا معمول ہے۔ اجرت میں ایک بڑی مدت سے کوئی اضافہ نہیں ہوا۔ اس تمام جبر اور استحصال کے نظام پر نام نہاد مزدوروں کا محکمہ، لیبر ڈائریکٹر اور مزدور یونین جو صرف کاغذات کی حد تک ہے، اس حوالے سے مکمل خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔ محنت کشوں کو کسی طرح کے احتجاج کا کوئی حق نہیں، اپنے جائز مطالبات کے حق میں آواز اٹھانے کی صورت میں انہیں مل سے بیدخل کر کے بیروزگار کر دیا جاتا ہے۔

2006-07ء کے دوران جب مل کو فروخت کیا گیا تو نئے مالکان کی جانب سے 60 سے زیادہ مستقل ملازمین کو نکال دیا گیا، جن میں سے اکثریت کا تعلق مقامی آبادی میں سے تھا۔ موجودہ وقت میں بھی ملز انتظامیہ کی جانب سے محنت کشوں کو حکومت کی مقرر کردہ تنخواہ بھی نہیں دی جارہی ہے۔ اس کے علاوہ مزدور کالونی میں بنیادی سہولیات کا فقدان ہے۔ نہ اسکول ہے، نہ ہسپتال، نہ پینے کے لیے صاف پانی میسر ہے۔ جس کی وجہ سے اکثر مزدور دو سے تین کلومیٹر دور کا سفر طے کر کے مختلف گاؤں میں لگے آر او پلانٹ سے پانی لانے پر مجبور ہیں۔ اکثر رہائش بوسیدہ عمارتوں پر مبنی ہے۔مختصر ملز کی انتظامیہ کی جانب سے ملز کے ملازمین کو کسی بھی قسم کی سہولت مہیا نہیں کی جارہی ہے۔

ریڈ ورکرز فرنٹ، آبادگار شوگر مل مالکان اور انتظامیہ کی اس مزدور دشمنی کی شدید مذمت کرتا ہے جو ہر سال ان محنت کشوں کا استحصال کرکے اربوں روپوں کے منافعے بٹورتے ہیں اور یہ مطالبہ کرتا ہے کہ مل کے تمام مزدوروں کو فی الفور مستقل کیا جائے۔ یونین سازی پر عائد پابندی کو ختم کیا جائے۔ لیبر قوانین کے اطلاق کو یقینی بنایا جائے۔ ریڈ ورکرز فرنٹ ہر موقع پر مل مزدورں کے شانہ بشانہ کھڑا ہوگا۔

Comments are closed.