کراچی: مزدور رہنما جناب عزیز خان صاحب کی ریڈ ورکرز فرنٹ میں باقاعدہ شمولیت پر اعزازی تقریب کا انعقاد

|رپورٹ: ریڈ ورکرز فرنٹ، کراچی|

30 اکتوبر 2021ء ہفتہ کے روز لانڈھی، کورنگی انڈسٹریل ایریا کی سب سے بڑی اور فعال یونین، جنرل ٹائر ورکرز یونین کے صدر اور مزدور یکجہتی کمیٹی کے روحِ رواں محترم عزیز خان صاحب کی ریڈ ورکرز فرنٹ میں باقاعدہ شمولیت کے موقع پر ان کے اعزاز میں منزل پمپ لانڈھی نیشنل ہائی وے کے مقام پر ایک شاندار استقبالیہ تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ تقریب میں جنرل ٹائر، پورٹ قاسم، آدم جی انجینئرنگ، میرٹ پیکجز، اٹلس ہونڈا، اوپل لیبارٹریز سمیت دیگر کئی اداروں کے محنت کشوں کے ساتھ ساتھ کراچی یونیورسٹی، داؤد انجینئرنگ یونیورسٹی اور مختلف کالجز کے طلبہ نے بھی شرکت کی۔

پروگرام میں سٹیج سیکرٹری کے فرائض کامریڈ انعم خان نے سرانجام دیئے۔

تقریب کے پہلے مقرر جنرل ٹائر ورکرز یونین اور ریڈ ورکرز فرنٹ کراچی کے رہنما کامریڈ صفدر جبار تھے جنہوں نے اپنے خطاب میں ریڈ ورکرز فرنٹ کا تفصیلی تعارف پیش کیا۔ جنرل ٹائر ورکرز یونین کے حوالے سے بات کرتے انہوں نے بتایا کہ اس یونین نے ایسے وقت میں مزدور جدوجہد کو جاری رکھا جب ماحول اس کے خلاف تھا۔

تقریب کے اگلے مقرر اٹلس انجینئرنگ سے ورکرز یونین کے نائب صدر عدیل تھے۔ انہوں نے عزیز خان صاحب کو ریڈ ورکرز فرنٹ میں شمولیت پر مبارکباد پیش کی اور کہا کہ ہم نوجوان مزدوروں کے حقوق کی جدوجہد کے حوالے سے عزیز خان صاحب ایک استاد کا درجہ رکھتے ہیں۔

عدیل کے بعد آدم جی ورکس ایمپلائز یونین کے جنرل سیکرٹری عادل خان نے خطاب کیا۔ انہوں نے بھی مبارکباد کے بعد کہا کہ عزیز خان صاحب مزدور جدوجہد کا استعارہ ہیں اور ہم ان کی قیادت میں اس جدوجہد کو جاری رکھیں گے۔

عادل خان کے بعد میریٹ پیکجنگ سے آزاد لیبر یونین کے چیئرمین عامر احمد نے خطاب کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ آج لانڈھی کورنگی انڈسٹریل ایریا میں عزیز خان صاحب ہی ایک متحرک مزدور رہنما ہیں جن کی قیادت میں عملی جدوجہد جاری ہے۔

عامر خان کے خطاب کے بعد پورٹ قاسم سے ورکرز یونین کے ڈپٹی جنرل سیکریٹری جناب عبدالواحد نے خطاب کیا۔ انہوں نے عزیز خان صاحب اور ریڈ ورکرز فرنٹ کے متحرک کردار پر روشنی ڈالی اور اسے سراہا۔

مہمانِ اعزاز جناب عزیز خان صاحب کی تقریر سے پہلے ریڈ ورکرز فرنٹ کے کامریڈز نے انہیں پھولوں کے ہار پہنا کر باقاعدہ مبارکباد پیش کی۔ عزیز خان صاحب نے اپنے خطاب میں کہا کہ مارکسزم کے نظریات ہی شروع سے ہمارے لیے مشعلِ راہ رہے ہیں۔ کیونکہ یہی حقیقی مزدور نظریہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم نے دوسروں کی طرح مزدوروں کو بیچنے کے لیے فیڈریشنوں کے نام پر سپر سٹور نہیں کھولے ہوئے۔ ان کا کہنا تھاکہ ریڈ ورکرز فرنٹ ہمارا ٹریننگ سینٹر ہے جہاں سے ہم تربیت لے کر حقیقی مزدور نظریات کے تحت جدوجہد کریں گے۔ انہوں نے 13 نومبر کو کراچی میں ہونے والے راہ انقلاب مزدور کنونشن میں شرکت کے لیے بھی سب ساتھیوں کو دعوت دی۔

تقریب کے آخری مقرر اور ریڈ ورکرز فرنٹ کے مرکزی رہنما کامریڈ پارس جان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ریڈ ورکرز فرنٹ کا مقصد مزدوروں اور ان کی قیادت کے مابین حائل رکاوٹوں کو ختم کرنا ہے۔ ان کہنا تھا کہ سرمایہ دارانہ نظام اب سوائے بربادی کے اور کچھ نہیں دے سکتا، اس نظام پر اگر ہمیں بھی بیٹھا دیا جائے تو ہم کچھ بہتر نہیں کر سکتے، یہ ایک ایسی ٹیوب کی مانند ہوچکا ہے جسے مزید پنکچر نہیں لگائے جا سکتے۔ اسے اب بدلنے کی ضرورت ہے۔ ایک حقیقی انسانی معاشرے کی تعمیر کے لئے اس نظام کو بدل کر سوشلسٹ معاشرے کا قیام ہی واحد حل ہے۔

Comments are closed.