کامونکے: ریڈ ورکرز فرنٹ کے زیرِ اہتمام مزدور کنونشن کا انعقاد

|رپورٹ: ریڈ ورکرز فرنٹ، کامونکے|

31 اکتوبر 2021ء بروز اتوار گوجرانولہ کی تحصیل کامونکے کے یونائیٹڈ کالج میں ریڈ ورکرز فرنٹ کی جانب سے مزدور کنونشن کا انعقاد کیا گیا جس میں طلبہ اور محنت کشوں کے نمائندوں نے شرکت کی۔

کامونکے ایک اہم صنعتی علاقہ ہے لیکن یہاں پر بھی محنت کش باقی ملک کی طرح انتہائی مشکل حالات میں زندگی گزار رہے ہیں۔ کنونشن میں مزدور نمائندوں نے انہی مشکلات کا ذکر کیا اور ان کے حل کے لیے مشترکہ جدوجہد پر زور دیا۔

تقریب کے مہمان خصوصی ریڈ ورکرز فرنٹ کے مرکزی آرگنائزر ڈاکٹر آفتاب اشرف تھے جبکہ انقلابی تنظیم لال سلام کے مرکزی رہنما آدم پال نے بھی خصوصی شرکت کی۔

سٹیج سیکرٹری اور میزبان کے فرائض گلزادہ صافی نے ادا کیے۔

مقررین کا کہنا تھا کہ قومی مفاد کے نام پر آج تک عوام کو بے وقوف بنا کر لوٹا گیا ہے۔ سرمایہ دار اور مزدور کا مفاد مشترکہ ہو ہی نہیں سکتا۔ آج ملک بھر کے تمام سرکاری اور نجی اداروں کے محنت کشوں کو منظم ہو کر ایک ملک گیر عام ہڑتال کرنا ہوگی۔ عوام کا نجات دہندہ کوئی صنعت کار، سرمایہ دار اور جاگیردار نہیں ہوسکتا۔ محنت کش عوام خود ہی اس ظالمانہ سرمایہ دارانہ نظام کے خلاف جدوجہد کر کے ہی چھٹکارا حاصل کرسکتے ہیں۔

کنونشن سے پنجاب ٹیچرز یونین کے تحصیل صدر آفتاب خان، گل زادہ خان، سوشل ویلفیئر کے عاصم شفیع، یونیورسٹی سٹوڈنٹ شاہ زیب خان، ارسلان اور نجیب اللہ خان نے خطاب کرتے ہوئے انہیں درپیش مسائل کا ذکر کیا اور ریڈ ورکرز فرنٹ کا شکریہ ادا کیا کہ ریڈ ورکرز فرنٹ نے ان مسائل پر نا صرف گفتگو کا آغاز کیا بلکہ اس جدوجہد کو منظم کرنے کا بھی فیصلہ کیا۔

آخر میں تمام شرکا نے لاہور میں ہونے والے مرکزی کنونشن میں بھرپور شرکت کا بھی اعلان کیا تاکہ مزدوروں کو درپیش مسائل کے حل کے لیے جدوجہد ملک گیر سطح پر منظم کی جا سکے۔

Comments are closed.