انقلابی کمیونسٹ انٹرنیشنل کی کانگریس 2025ء: سرمایہ داری کے خاتمے کے لیے انٹرنیشنل کی تعمیر کی جانب بڑھو!

|رپورٹ: مارکسزم کے دفاع میں|

اگست کے مہینے میں، یکم سے آٹھ تاریخ کے درمیان، اٹلی میں انقلابی کمیونسٹ انٹرنیشنل کی پہلی کانگریس منعقد ہو گی۔ اس میں دنیا بھر سے سینکڑوں مندوبین شرکت کریں گے جو کہ ہزاروں کمیونسٹوں کی نمائندگی کر رہے ہوں گے جو دنیا کے ہر براِعظم سے اس کو آن لائن دیکھیں گے۔ آج سے پہلے کبھی نہ دیکھے گئے عالمی انتشار کے عہد میں یہ کانگریس اپنی نوعیت میں منفرد حیثیت کی حامل ہو گی۔

انگریزی میں پڑھنے کے لیے یہاں کلک کریں

ذرا سوچیں، پچھلے آٹھ مہینوں میں جب سے ڈونلڈ ٹرمپ امریکہ کا صدر بنا ہے، ہم نے کیا کچھ ہوتے دیکھا ہے۔

شام میں اسد حکومت کا خاتمہ؛ جنوبی کوریا میں مارشل لاء کا نفاذ؛ یونان کی تاریخ کی سب سے بڑی عام ہڑتال؛ سربیا میں چھ ماہ تک جاری رہنے والی ایک انقلابی بحران کی صورتحال؛ امریکہ اور یورپ کے تعلقات میں شدید کشیدگی؛ یوکرائن جنگ پر مزاکرات کا آغاز؛ غزہ میں جنگ بندی کا آغاز اور اس کا انجام اور پھر نسل کشی میں اضافہ؛ فرانس، جرمنی، کینیڈا اور نیدر لینڈز میں حکومتوں کا گِرنا؛ ٹرمپ کی جانب سے محصولات کا نفاذ؛ امریکہ اور چین کی تجارتی جنگ کا آغاز اور پھر اس میں ٹھہراؤ؛ فرانس اور رومانیہ میں صدارتی امیدواروں پر پابندی؛ جوہری ہتھیاروں سے لیس انڈیا اور پاکستان کے درمیان جنگ؛ اور پھر اسرائیل، امریکہ اور ایران کے درمیان 12 روزہ جنگ۔

یہ فہرست یہاں پر ختم نہیں ہوتی، لیکن یہ سب کچھ ہی انسان کے ہوش اڑا دینے کے لیے کافی ہے۔ کروڑوں لوگ اس سوال کا جواب کا تلاش کر رہے ہیں کہ یہ سب کچھ کیوں ہو رہا ہے؟ میں اسے کیسے سمجھ سکتا ہوں؟ کانگریس کا مقصد یہی ہو گا کہ ان الجھن پیدا کرنے والے تیز رفتار واقعات کی تہہ تک پہنچا جائے اور ان کے جوہر کو سمجھا جائے۔ 2025ء میں دنیا جس اتھل پتھل کا شکار ہے اس کے پیچھے اصل محرکات کیا ہیں؟

اس کانگریس کا مقصد اس اہم سوال سمیت دیگر کئی سوالات کو وضاحت سے سمجھنا ہے، تاکہ نوجوان انقلابیوں کی نسل تیار کی جا سکے جو ان حالات کا سامنا کر سکے اور ایسی بین الاقوامی قوت تعمیر کی جا سکے جو محنت کش طبقے کی قیادت کرتے ہوئے اس مرتے ہوئے سرمایہ دارنہ نظام کا خاتمہ کر سکے۔

انقلابی کمیونسٹ انٹرنیشنل کے ممبران اس کانگریس میں شرکت کر سکتے ہیں۔ آپ آج ہی انقلابی کمیونسٹ انٹرنیشنل کے ممبر بنیں تاکہ آپ اس میں شرکت کر سکیں یا دنیابھر میں ہونے والی واچ پارٹیز کے ذریعے آن لائن شرکت کر سکیں۔

درج ذیل موضوعات زیر بحث لائے جائیں گے اور ساتھ ہی کچھ اہم دستاویزات ہیں، جنہیں آپ کانگریس کی تیاری کے لیے پڑھ سکتے ہیں:

1۔ پہلا سیشن دنیا بھر میں جاری ہنگامہ خیزی پر ہو گا۔ انٹرنیشنل ایگزیکٹو کمیٹی نے عالمی تناظر کا ڈاکومینٹ تیار کیا ہے، ’نظام کا بحران اور تہہ و بالا ہوتی دنیا‘، اس پر بحث ہو گی، اس میں تبدیلیاں کی جائیں گی اور پھر اس پر ووٹِنگ ہو گی۔

2۔ ہم انقلابی کمیونسٹ پارٹی کے آغاز اور تاریخ پر بھی بات کریں گے کہ یہ نظریات مارکس، اینگلز، لینن اور ٹراٹسکی کے ساتھ کیسے جڑے ہوئے ہیں اور یہ کہ ٹیڈ گرانٹ نے چوتھی انٹرنیشنل کے بکھرنے کے بعد ان نظریات کو کیسے بچایا، اس بارے میں ایک اہم تحریر بھی شائع کی گئی ہے، چوتھی انٹرنیشنل کا انہدام اور زوال: ہمارے نظریاتی ورثے کے دفاع میں۔

3۔ ہم دنیا بھر میں انقلابی کمیونسٹ انٹرنیشنل کی تعمیرکے حوالے سے ہونے والی اہم پیش رفت پر بات کریں گے اور اِس سے تجربے سے حاصل کردہ اسباق پر بھی۔ ہمیں یہ اعلان کرتے ہوئے فخر محسوس ہو رہا ہے کہ کانگریس میں ایک نہایت اہم عالمی پریمیئر پیش کیا جائے گا، جو کانگریس میں موجود اور آن لائن دیکھنے والے کامریڈز کے لیے انقلابی کمیونسٹ انٹرنیشنل کے قیام پر ایک نئی ڈاکیومنٹری ہے۔ ہم تمام کامریڈز کو انقلابی کمیونسٹ انٹرنیشنل کا منشور دوبارہ پڑھنے کی تجویز دیتے ہیں۔

لہٰذا، اسے آپ اپنے لیے ایک باضابطہ دعوت سمجھیں، انقلابی کمیونسٹ انڑنیشنل کا حصہ بنیں اور جہاں کہیں بھی ہوں کانگریس میں شرکت کریں۔ انٹرنیشنل کی تعمیر میں حصہ لیں، وہ باشعور اور انقلابی قیادت، جس کی محنت کش طبقے کو سرمایہ داری کے ابدی خاتمے کے لیے ضرورت ہے۔

Comments are closed.