|رپورٹ: انقلابی کمیونسٹ پارٹی، گوجرانوالہ|
گوجرانوالہ میں 8 مارچ کے موقع پر ایک تقریب کاانعقاد کیاگیا جس میں انقلابی کمیونسٹ پارٹی کے ساتھ مقامی طلبہ تنظیم سیکھ (SEEKH) نے بھی شراکت داری کی۔ تقریب میں پنجاب یونیورسٹی گوجرانوالہ کیمپس اور گورنمنٹ کالج فار ویمن سیٹلائٹ ٹاؤن کے طلبہ نے بھرپور شرکت کی۔ اس کے علاوہ تقریب میں گورنمنٹ کالج گوجرانوالہ کے پروفیسر امتیاز حسین، معروف صحافی، کالم نگار اور عوامی راہنما ڈاکٹر عمر نصیر، ریحان سعید خان، محمد اویس، مدثر مہر اور دیگر نے بھی شرکت کی۔
اسٹیج سیکرٹری کے فرائض محمد ابن ثنا اور عائزہ بیگ نے ادا کیے۔ تقریب سے انقلابی کمیونسٹ پارٹی کے مرکزی راہنما کامریڈ آدم پال نے خواتین کے حقوق کی جدوجہد کے حوالے سے تفصیلی گفتگو کی۔ اپنی گفتگو میں انہوں نے واضح کیا کہ خواتین کو آج بھی دوسرے درجے کا شہری سمجھا جاتا ہے اور معاشی بحران کا سب سے زیادہ بوجھ بھی خواتین پر ہی منتقل کیا جاتا ہے جس کے خلاف جدوجہد کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ کمیونسٹ نظریات کے تحت جدوجہد کرتے ہوئے ایک سوشلسٹ انقلاب ہی راہ نجات ہے۔ انہوں نے بلوچ خواتین کی جبری گمشدگیوں کی بھی مذمت کی۔
اس کے بعد سوالات کا سلسلہ شروع ہوا جس میں ہال میں موجود طلبہ نے بہت سے سوالات کیے۔ اس کے بعد گفتگو کا سلسلہ آگے بڑھاتے ہوئے شرکائے محفل نے تقریریں کیں۔ مقررین میں اشرف بھٹہ ایڈووکیٹ، عوامی ادبی فورم کے سیکرٹری خالد محمود، بزرگ سوشلسٹ راہنما آغا اسلم، افسانہ نگار عامر رفیق، زاہد بریار ایڈووکیٹ اور دیگر شامل تھے۔ اس کے علاوہ طلبہ میں سے فاطمہ بٹ، زینب طاہر، اِرحا نسیم، عائشہ تنویر، طلحہ کاکڑ، جازب علی اور دیگر نے بھرپور حصہ لیا۔
مقررین نے خواتین کے مسائل اور ان کے خلاف جدوجہد کے حوالے سے موجود مختلف نقظہ ہائے نظر کو اجاگر کیا اور مختلف رجحانات کا تنقیدی جائزہ لیا۔ اشرف بھٹہ ایڈووکیٹ نے مسنگ پرسن کے ایشو پر گفتگو کی اور کہا کہ کسی بھی ملک کا قانون اور آئین اس کی اجازت نہیں دیتا لیکن پاکستان میں یہ غیر قانونی عمل ایک نارمل شکل اختیار کر چکا ہے جسے فوری طور پر ختم ہونا چاہیے۔
تقریب کے آخر میں کامریڈ آدم پال نے تمام سوالات کے جواب دیے جس کے بعد تقریب کا اختتام کر دیا گیا۔ تقریب میں انقلابی کمیونسٹ پارٹی کی جانب سے شائع کیے گئے خواتین سے متعلق نئے ڈاکیومنٹ ”خواتین کے حقوق کی جدوجہد اور انقلابی کمیونزم“ کا بھی تعارف کروایا گیا جس میں کچھ شرکاء نے دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے اسے خریدا۔



















In defence of Marxism!
Marxist Archives
Progressive Youth Alliance