کشمیر: ضلع پونچھ کے مختلف علاقوں میں لوڈ شیڈنگ کے خاتمے سمیت دیگر مطالبات کیلئے احتجاج کامیاب

|رپورٹ: ریڈ ورکرز فرنٹ، کشمیر|

سلگتے ہوئے عوامی مسائل کی شدت میں ہر نئے دن اضافہ ہوتا جارہاہے۔ مہنگائی، بیروزگاری، صحت و تعلیم کی مناسب سہولیت کی عدم فراہمی اور تباہ حال انفراسٹرکچر کی وجہ سے غریب عوام کی زندگی اجیرن ہو گئی ہے۔ بحران زدہ سرمایہ دارانہ نظام پر قائم ریاست کی جانب سے محنت کش عوام پر حملوں میں تیز ترین اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ اشیائے خردونوش کی قیمتوں میں اضافہ بجلی،گیس اور پٹرولیم کی بڑھتی قیمتوں کی وجہ سے مصنوئی قلت، ذہنی اذیت اور شدید بے چینی کا موجب بنتی جارہی ہے۔ سیاسی پارٹیوں کے ذریعے عوام کو جھوٹے دلاسوں سے بہلانا بھی اب ممکن نہیں رہا۔ بڑھتے ہوئے عومی احتجاجات اجتمائی شعور میں تیزترین تبدیلی کی عکاسی کرتے ہیں۔ بنیادی مسائل کے حل کے لئے حالیہ دنوں کشمیر میں ضلع پونچھ کے علاقے بہنگوئی، پاچھیوٹ، ٹائیں اور تھوراڑ کی عوام نے بجلی بلوں میں ناجائز وظالمانہ ٹیکس ولوڈ شیڈنگ کے مکمل خاتمے سمیت بجلی کی محفوظ ترسیل کو یقینی بنانے کے لئے بہتر انفراسٹرکچر کی فراہمی کے مطالبات کے گرد احتجاجی تحریک کا آغاز کیا۔

عوام نے بھنگوئی تھلہ بازار مین روڈ بند کر کے 53 گھنٹے تک احتجاجی دھرنا جاری رکھا۔ احتجاجی دھرنے کے دوران تقاریر کرتے ہوئے مختلف سیاسی تنظیموں سے تعلق رکھنے والے مقررین نے کہا کہ کشمیری عوام کو لوڈشیڈنگ کے عذاب سے نجات دلائی جائے اور کشمیری عوام کو اپنے ہی وسائل سے محروم رکھنا انتہائی ظالمانہ رویہ ہے جو کسی بھی طرح قابل قبول نہیں ہے۔ ناجائز ٹیکسوں کے خاتمے اور بوسیدہ لائنوں کی تبدیلی، جو آئے روز حادثات اور طویل بریک ڈاؤن کا باعث بنتی ہے، کی فوری بہتری کے لئے اقدامات کئے جائیں ورنہ احتجاج نہ صرف جاری رہے گا بلکہ ملک گیر سطح تک پھیلایا جائے گا۔ بارش کے باوجود سینکڑوں لوگ پرجوش انداز میں احتجاجی دھرنے میں شریک رہے۔

”غریب ائیتان تحریک“ کی بجلی کے جملہ مسائل کے گرد جاندار احتجاجی مظاہروں نے بالآخر انتظامیہ کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کیا۔ ڈپٹی کمیشنر اور ایکسیئن نے مظاہرین کے مطالبات کو جائز تسلیم کرتے ہوئے ایک ماہ کی مہلت مانگی۔ انتظامیہ کی یقین دہانی کے بعد احتجاجی دھرنے کے خاتمے کا علان کیاگیا۔ تحریک کے آرگنا ئزر اسد کبیر نے آخر میں دھرنے کے شرکاء کا شکریہ ادا کیا اور مطالبات منوانے پر مبارکباددی۔ انہوں نے انتظامیہ کو خبردار کیا کہ اگر انتظامیہ نے وعدوں پر عملدراآمد نہ کیا تو بھرپور انداز میں دوبارہ چوکوں اور چوراہوں پر احتجاج کیلئے نکلیں گے۔ انہوں نے علاقائی سطح پر عوامی کمیٹیاں بنا کر کشمیر بھر میں بنیادی مسائل کے حل کے لئے جدوجہد جاری رکھنے کی ضروت پر زور دیا۔ ریڈ ورکرز فرنٹ عوامی تحریک کے مطالبات کی مکمل حمایت کرتا ہے اور تحریک کے شانہ بشانہ کھڑا ہے۔

Comments are closed.