|رپورٹ: انقلابی کمیونسٹ پارٹی، لاہور|
8 مارچ، محنت کش خواتین کے عالمی دن کے موقع پر لاہور میں انقلابی کمیونسٹ پارٹی کی جانب سے انقلابی کمیونسٹ پارٹی کے مرکزی دفتر میں ایک سیمینار منعقد کیا گیا تھا۔ لیکن سیمینار کے شروع ہونے سے کچھ ہی وقت پہلے اسسٹنٹ کمشنر نے پولیس کی بھاری نفری کے ساتھ مرکزی دفتر پر چھاپہ مارا اور محنت کش خواتین کے عالمی دن کی منعقدہ تقریب کو جبراً روک دیا اور پورے ایک دن کے لیے دفتر کو سیل کر دیا گیا۔
انقلابی کمیونسٹ پارٹی کی جانب سے اس سال 8 مارچ کا دن بلوچستان میں ریاست کی جانب سے اپنے پیاروں کی جبری گمشدگیوں کے خلاف جدوجہد کرنے والی بلوچ خواتین جنہیں ریاست کی جانب سے اس جدوجہد کی پاداش میں جبری طور پر لاپتہ کیا گیا تھا، کے ساتھ اظہار یکجہتی کے طور پر منایا جا رہا تھا۔
اس وقت پنجاب میں وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف ہے جو خود بھی ایک خاتون ہے اور اپنے آپ کو قوم کی ”ماں“ کہلواتی ہے اور خاص طور پر سوشل میڈیا اور ہر جگہ پر یہ ظاہر کرتی ہے کہ وہ پاکستان کی خواتین اور ان کے مسائل اور ان کے حل کے لیے دن رات بے چین رہتی ہے۔مریم نواز کے اقتدار میں ہوتے ہوئے یہ عمل اس کی منافقت کو عیاں کرتا ہے اور یہ بات واضح ہو جاتی ہے کہ وہ صرف اور صرف حکمران طبقے کی نمائندہ خاتون ہے اور اسی طبقے کے مفادات کا تحفظ کرتی ہے۔ محنت کش طبقے کے مجموعی مفادات اور محنت کش طبقے کی خواتین کے مفادات اور ان کے مسائل کے حل سے اسے کوئی سروکار نہیں ہے۔محنت کش خواتین کے عالمی دن کی تقریب پر ریاستی پابندی نے یہ واضح کر دیا ہے کہ اس نظام کا حکمران کسی بھی صنف سے ہو وہ خواتین سمیت سماج کے ہر مظلوم حصے پر اپنا جبر جاری رکھے گا۔

لاہور میں 8 مارچ کے دن محنت کشوں کے عالمی دن پر انقلابی کمیونسٹ پارٹی کی جانب سے سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔
دوسری جانب پاکستانی ریاست اور حکومت خطے کی جنگی صورتحال کا فائدہ اٹھاتے ہوئے جہاں پیٹرول کی قیمتوں میں بے تحاشا اضافہ کر کے اور مہنگائی کی صورت میں عوام پر بدترین معاشی حملے کرنے کا جواز بنا رہی ہے، وہیں پر آزادیِ تحریر و تقریر پر بھی شدید کریک ڈاؤن کر رہی ہے تاکہ حکومت و ریاست کے مزدور دشمن اقدامات اور سامراجی گماشتگی پر مبنی خارجہ پالیسی کے خلاف کوئی آواز نہ اٹھ سکے اور حکومت و ریاست خطے میں اپنی لوٹ مار جاری رکھ سکے۔
مگر انقلابی کمیونسٹ پارٹی حکومت و ریاست کے ان اوچھے ہتھکنڈوں کی شدید مذمت کرتی ہے اور ہم علی الاعلان اس عزم کا اعادہ کرتے ہیں کہ ہم خطے میں ہونے والے ہر ظلم و جبر کے خلاف نہ صرف اپنی آواز بلند رکھیں گے بلکہ اس خونی و جابر حکومت و ریاست اور سرمایہ دارانہ نظام کے خلاف طلبہ، محنت کشوں، کسانوں اور خواتین کو منظم کرتے ہوئے اس نظام کے خاتمے اور سوشلسٹ انقلاب کی جدوجہد پورے پاکستان میں جاری رکھیں گے۔انقلابی کمیونسٹ پارٹی کے کارکنان نے 8 مارچ کے دن ریاست کے حملے کے باوجود لاہور کے اندر محنت کش خواتین کے مسائل اور ان کے انقلابی حل کے حوالے سے ایک سٹڈی سرکل کر کے ریاست کے حملے کا جواب دیا تھا۔
سوشلسٹ انقلاب تک ناقابل مصالحت جدوجہد جاری رہے گی!
سرمایہ داری مردہ باد!
سوشلسٹ انقلاب زندہ باد!


















In defence of Marxism!
Marxist Archives
Progressive Youth Alliance