لاہور: یوم مئی کی تیاریوں کے سلسلے میں کوٹ لکھپت فیکٹری ایریا کا دورہ، بڑی تعداد میں لیف لیٹ تقسیم

|رپورٹ: پروگریسو یوتھ الائنس، لاہور|

20 اپریل 2019ء کو ریڈ ورکرز فرنٹ اور پروگریسو یوتھ الائنس لاہور کے کارکنان نے کوٹ لکھپت فیکٹری ایریا کا دورہ کیا جس کا مقصد مزدوروں کے حالاتِ زندگی سے آگاہ ہونا اور ان کے ساتھ رابطہ کاری کرنا تھا۔ اس دوران قریباً 1ہزار لیف لیٹ تقسیم کیے گئے اور مزدوروں کے ساتھ بات چیت کی گئی۔لیف لیٹ پر عام ہڑتال کا پیغام دیا گیا تھا کہ تمام مسائل کے حل کیلئے محنت کشوں کو یکجا ہو کر ایک عام ہڑتال کی طرف بڑھنا ہوگا ،جس کو تمام مزدوروں نے بہت سراہا ۔

مزدوروں کا کہنا تھا کہ تنخواہیں بہت کم اور دیر سے دی جاتی ہیں اور کام ہماری سکت سے زیادہ لیا جاتا ہے۔ ایک مزدور اگر کوئی مطالبہ کرتا ہے تو اسے نوکری سے نکال دیا جاتا ہے اس لیے ضروری ہے کہ تمام لوگ مل کر جدوجہد کریں تاکہ اپنے مطالبات منوائے جا سکیں۔

ایک مزدور کا کہنا تھا کہ میری کچھ عرصہ پہلے شادی ہوئی لیکن تنخواہ اتنی کم ہے کہ سب کا پیٹ پالنا بہت مشکل ہے۔ اس پر مزید ستم یہ کہ تنخواہ مہینے کی 20 تاریخ سے بھی بعد میں دی جاتی ہے۔ اس طرح بچوں کو تعلیم دینا بھی نا ممکن ہے اور انہیں مجبوراً تعلیم چھوڑ کر کام کرنا پڑتا ہے۔ مالکان سے جب مطالبہ کرتے ہیں تو وہ دھمکاتے ہیں کہ کام کرنا ہے تو کرو ورنہ کسی اور کو کام دے دیں گے۔ سرمایہ دارانہ نظام میں بیروزگاروں کی بڑی تعداد پیدا کی جاتی ہے تاکہ انہیں اسی طرح محنت کشوں کے استحصال کیلئے استعمال کیا جاسکے۔ مزدور نے کہا کہ مالکان ہماری تنخواہوں سے اپنا منافع بٹورتے ہیں اور ان کو کوئی قانون نہیں پوچھتا کیونکہ ان کے پاس پیسہ ہے۔ اس ملک میں قانون صرف غریبوں کیلئے ہے۔ اس بات سے ثابت ہوتا ہے محنت کشوں یہ سب کچھ سمجھنے کیلئے کسی کتاب یا دانشوروں کی تجزیوں کی ضرورت نہیں ہوتی بلکہ اپنی زندگی کے تلخ تجربات سے سیکھتے ہیں۔

پی وائی اے کے کارکنان نے باقاعدگی کے ساتھ مختلف صنعتی علاقوں میں جانےکے اس سلسلے کو جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا تاکہ محنت کشوں اور نوجوانوں کے درمیان جڑت قائم کرتے ہوئے سرمایہ دارانہ نظام کے خلاف جدوجہد کو آگے بڑھایا جاسکے اور یہی جڑت بہتر مستقبل کی نوید ہے۔

طلبہ مزدور اتحاد زندہ باد!

Comments are closed.