حب: حق کیلئے آواز بلند کرنے کی پاداش میں MixCerete کے 5 محنت کشوں کا گیٹ بند 

|رپورٹ: قادر سیاں|

حب کے علاقے جنگی گوٹھ کے قریب واقع MixCerete پرائیویٹ لمیٹڈ کے مزدور کم ازکم تنخواہ سمیت دیگر سہولیات سے محروم ہیں۔ گزشتہ دنوں کمپنی کے کچھ مزدوروں نے اسسٹنٹ کمشنر حب کو اس متعلق تحریری درخواست دیکر کمپنی انتظامیہ سے مزدور کے غضب حقوق دلانے کی استدعا کی تھی جس پر کمپنی انتظامیہ نے مذکورہ مزدوروں سے زیادہ مشقت لینے سمیت ہر طرح سے ڈرایا دھمکایا اور سفید کاغذ پر دستخط لینے کی کوشش کی۔ مزدوروں کی جانب سے سفید کاغذ پر دستخط سے انکار کرنے پر آج 5 مزدوروں کا گیٹ بند کردیا گیا۔ 

کمپنی مزدوروں کے مطابق کمپنی انتظامیہ مزدوروں کے حقوق غصب کررہی ہے۔ جس پر وہ اپنے حق کے لیے مختلف فورمز پر احتجاج کرتے رہے ہیں۔ کمپنی میں روزگار کے دروازے بند کرنے کا مقصد یہ ہے کہ کوئی مزدور اپنے حق کے لیے آواز بلند نہ کرے۔ متاثرہ مزدوروں نے بتایا کہ ان کے ساتھی مزدوروں کو دباؤ میں لاکر چپ کروایا گیا ہے اور کمپنی انتظامیہ نے بزور طاقت مزدور کو غلام بنا رکھا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کمپنی انتظامیہ نے سفید کاغذ پر دستخط لینے کے لیے کافی کوشش کی ناکامی ہونے پر آج گیٹ بند کردیا گیا ہے۔ متاثرہ مزدوروں نے کہا کہ وہ اپنے مطالبات سے کسی صورت دستبردار نہیں ہوں گے۔ انہوں نے اسسٹنٹ کمشنر حب سے مطالبہ کیا ہے کہ کمپنی انتظامیہ کی زیادتیوں کا فوری نوٹس لیا جائے۔

ریڈ ورکرز فرنٹ محنت کشوں کیخلاف اس طرح کی تادیبی کاروائیوں کی پرزور مذمت کرتا ہے اور محنت کشوں کے ساتھ یکجہتی کرتا ہے۔ اور یہ مطالبہ کرتا ہے کہ محنت کشوں کے مسائل فوری طور پر حل کئے جائیں اور نکالے گئے محنت کشوں کو فوری کام پر بحال کیا جائے بصورت دیگر باقی اداروں کے محنت کشوں کو ساتھ ملاتے ہوئے مالکان کے خلاف احتجاجی تحریک چلائی جائے گی۔

Comments are closed.