بہاولپور: یوم مئی 2024ء کے موقع پر ریڈ ورکرز فرنٹ اور پی ڈبلیو ڈی ورکرز یونین کی طرف سے ریلی کا انعقاد!

|رپورٹ:ریڈ ورکرز فرنٹ، بہاولپور|

یکم مئی، عالمی یوم مزدور کے موقع پر شکاگو کے محنت کشوں کی جدوجہد اور لازوال قربانیوں کی یاد کے دن کے موقع پر بہاولپور میں پی ڈبلیو ڈی (PWD) ورکرز یونین اور ریڈ ورکرز فرنٹ کی جانب سے ریلی کا انعقاد کیا گیا۔

ریلی پرانا سی ایم ایچ چوک سے شروع ہوکر فرید گیٹ پر ختم ہوئی۔ ریلی میں پی ڈبلیو ڈی ورکرز یونین کے مرکزی راہنما چوہدری افضل محمود کی قیادت میں بلڈنگ ڈیپارٹمنٹ کے ورکرز نے شرکت کی۔ اس کے علاوہ ایپکا کی علاقائی قیادت نے اپنے ملازمین کے ساتھ ریلی میں شرکت کی اور مختلف محکموں کے محنت کشوں، طالب علموں اور ریڈ ورکرز فرنٹ کے اراکین نے شرکت کی۔ پاکستان میں بڑھتی ہوئی مہنگائی، سیاسی و معاشی بحران اور عوامی مسائل کے گرد تقاریر و نعرے بازی کی گئی۔

اس موقع پر پی ڈبلیو ڈی کے مرکزی رہنما چوہدری افضل محمود نے بھر پور جوش و جذبے سے نعرے لگوائے اور اپنی تقریر میں حکمران اشرافیہ کے حملوں کے خلاف محنت کشوں کی جدوجہد جاری رکھنے پر زور دیا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کے عوام اس وقت معاشی و سیاسی بحران سے تنگ ہیں۔ حکومت فوری طور پر تنخواہ ایک تولہ سونے کے برابر کرے۔ حکمرانوں کے مزید ظالمانہ حملے برداشت نہیں کیے جائیں گے بلکہ محنت کش اپنی طاقت اکٹھی کرتے ہوئے حکمرانوں کے حملوں کا بھر پور جواب دیں گے۔ ایپکا (APCA) کے رہنما فخر امام نے اپنی تقریر میں کسانوں کے مسائل اور محنتوں کشوں پر ہونے والے استحصال کے خاتمے کا مطالبہ کیا۔

شرکا سے ریڈ ورکرز فرنٹ کی طرف سے عرفان منصور نے بات کرتے ہوئے کہا کہ آنے والے وقت میں حکمران طبقہ عوام پرحملوں میں تیزی لائے گا، جس سے عام عوام کے مسائل بڑھیں گے کیونکہ حکمران طبقے کا واحد مقصد لوٹ مار اور ملک سے فرار ہونا ہے۔ غرض ہر شعبہ ہائے زندگی ابتر سے ابتر ہوتا جا رہا ہے جس کا حل اس حکمران طبقے کے پاس کوئی نہیں ہے۔ اگر حل کسی کے پاس ہے تو وہ اس ملک کی کو چلانے والا محنت کش طبقہ ہے۔ جو ہر شعبہ زندگی میں اپنی محنت سے اس ملک کا پہیہ چلا رہے ہیں۔ اس وقت پاکستان کے تمام محنت کشوں اور طالب علموں کو جوڑتے ہوئے ملک میں سوشلسٹ انقلاب برپا کر کے محنت کشوں کی حکومت قائم کرنا ہوگی۔ جس کے لیے ہم سب کام کررہے ہیں۔

آخر میں ریڈ ورکرز فرنٹ کے اراکین نے ریلی میں آئے شرکا کو ریڈ ورکرز فرنٹ میں شمولیت کی دعوت دی اور ریڈ ورکرز فرنٹ کے محنت کشوں میں کام سے آگاہ کرتے ہوئے مزدوروں کے ماہانہ اخبار ”ورکرز نامہ“ کے بارے میں بتایا۔ ریلی میں شریک محنت کشوں اور طالب علموں کے جوش اور نعرے بازی سے ظاہر ہوتا تھا کہ انہیں پاکستان کے حکمران طبقے سے کسی قسم کی بہتری کی امید نہیں ہے۔



یاد رہے عالمی یوم مزدور کی مناسبت سے پورا ہفتہ ریڈ ورکرز فرنٹ کے کارکنان نے شہر بھر میں اس دن کی محنت کشوں کے حوالے سے اہمیت کو عوام تک پہنچانے و ریلی کے دعوت نامے عوام تک پہنچانے کے لیے سرگرمیاں کیں۔ گلی، محلوں اور پارکوں میں ریڈ ورکرز فرنٹ کے اراکین نے ہاتھوں میں لال رنگ کے جھنڈے تھامے سوشلسٹ انقلاب کے نعرے لگائے، عام ہڑتال کے پوسٹرز لگائے اور دعوت نامے تقسیم کیے۔ پاکستان کی معاشی، سیاسی اور اشرافیائی ڈرامے بازی سے تنگ عوام کی خاصی تعداد نے مثبت پیغام دیا اور ریڈ ورکرز فرنٹ کی کاوشوں کو سراہا۔

Comments are closed.