گوجرانوالہ: حفاظتی کٹس کی عدم فراہمی‘ ماسٹر ٹائل فیکٹری کے 70 مزدور کرونا کا شکار‘ مالکان کا اجرتوں کی ادائیگی سے انکار

|رپورٹ: ریڈ ورکرز فرنٹ، گوجرانوالہ|

ماسٹر ٹائل فیکٹری کے مزدوروں کے اجرتوں کی عدم ادائیگی کیخلاف احتجاج کا ایک منظر

ماسٹر ٹائلز کے 70 کے قریب ورکرز کا کروناوائرس کا ٹیسٹ مثبت آگیا۔ ورکرز کو مقامی ہوٹل میں بنائے قرنطینہ سینٹر میں آئسولیٹ کردیا گیاہے جبکہ متاثرہ ورکرز کے گھروں میں اس وقت بھوک کے ڈیرے ہیں۔ فیکٹری مالکان کی غفلت اور منافع کمانے کی لالچ سے محنت کش کرونا جیسے خطرناک مرض کا شکار ہوئے ہیں۔ اس کے باوجود مالکان کی جانب سے کسی ورکر کے گھر اس کی واجب الادا تنخواہ یا راشن تک نہیں بھیجاگیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ماسٹرٹائلز انڈسٹری کے سیل مینیجرز میں کروناوائرس کی تصدیق کے بعد پچھلے ہفتہ سینکڑوں ورکرز کی ٹیسٹ کئے گئے تھے جن میں سے ذرائع کے مطابق 70 سے زیادہ محنت کشوں کے ٹیسٹ مثبت آ گئے ہیں جن کو جی ٹی روڑ پر واقع مادبہ ہوٹل کی بلڈنگ میں قائم کئے گئے قرنطینہ سینٹر میں رکھا گیا ہے۔ کرونا وائرس کی وباء کے دوران لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کرکے فیکٹری مالکان نے یونٹس کو چالو رکھ کر اپنے ذاتی منافعوں کے لئے ورکرز کی زندگیوں کو خطرات سے دوچار کیا گیا۔

ریڈ ورکرز فرنٹ مطالبہ کرتا ہے کہ ماسٹر ٹائلز فیکٹری مالکان کے خلاف اقدام قتل کا مقدمہ درج کرکے مقدمہ چلایا جائے۔ متاثرہ ورکرز کو فیکٹری مالکان کے خرچے پر بہترین علاج معالجے کی سہولیات کے ساتھ ساتھ پوری تنخواہ کی ادائیگی کو یقینی بنایا جائے۔ تمام ورکرز کو حفاظتی کٹس فراہم کی جائیں۔ خلاف ورزی کی صورت میں فیکٹری کو ریاستی تحویل میں لیتے ہوئے مزدوروں کے کنٹرول میں دیا جائے۔

Comments are closed.