لاہور: گجومتہ انڈسٹریل ایریا میں واقع لائم لائٹ فیکٹری سے مزدوروں کی بے دخلی

|رپورٹ: ریڈ ورکرز فرنٹ، لاہور|

گجومتہ انڈسٹریل ایریا کی فیکٹری لائم لائٹ نے 60 سے 70 مزدوروں کو نوکریوں سے بے دخل کر دیا ہے۔ پچھلے سال پنجاب حکومت کی جانب سے مزدور کی تنخواہ 20 ہزار مقرر کرنے کے بعد گجومتہ انڈسٹریل ایریا کی کسی بھی فیکٹری میں تنخواہوں میں اضافے کیلئے عملدرآمد نہیں کیا گیا۔ دو مہینے پہلے 20 ہزار تنخواہ مقرر کرنے کا فیصلہ تو کر دیا گیالیکن لائم لائٹ فیکٹری کی انتظامیہ نے 3 ڈیپارٹمنٹ، جن میں ڈسٹری بیوشن، آن لائن ڈیپارٹمنٹ اور وئیر ہاؤس ڈیپارٹمنٹ میں سے 100 مزدوروں کی لسٹ جاری کی گئی اور 60 سے 70 مزدوروں کو نوکریوں سے نکال دیا گیا جبکہ باقی کے مزدوروں کو بھی کچھ دن میں نکال دیں گے۔

فیکٹری مزدوروں نے ریڈ ورکرز فرنٹ کے نمائدنے سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ فیکٹری انتظامیہ نے انہیں اس بنیاد پر نکالا ہے کہ فیکٹری میں کام کم ہو گیا ہے لیکن اس کے برعکس نکالے گئے مزدوروں کا کام بھی ان سے لیا جا رہا ہے جو وہاں پر ابھی کام کر رہے ہیں اور اسی تنخواہ پر ان سے ڈبل کام لیا جا رہا ہے۔

ریڈ ورکرز فرنٹ جو ایک عرصے سے مزدور تحریک کا حصہ ہے، کا ماننا ہے کہ فیکٹری مالکان نے مزدوروں کو تنخواہوں میں اضافے کے سبب نوکریوں سے نکالا ہے اور فیکٹری مالکان کبھی بھی اپنے منافع میں کمی نہیں آنے دیتے۔ دوسری طرف ریڈ ورکرز فرنٹ یہ سمجھتا ہے کہ مزدروں کی کوئی یونین (جو کہ ان کا آئینی حق ہے) نہ ہونے کی وجہ سے تنخواہوں میں کٹوتی، کام میں اضافے اور جبری طور پر کام سے نکالے جانے جیسے واقعات آئے روز ہوتے رہتے ہیں۔ یونین کے حصول کیلئے فوری طور پر محنت کشوں کو مزدوروں پر مشتمل کمیٹیاں تشکیل دینے کی ضرورت ہے۔

لائم لائٹ فیکٹری جیسے اقدامات دوسری فیکٹریوں میں بھی معمول ہیں۔ ان فیکٹریوں میں بھی انتظامیہ نے اپنی لسٹیں جاری کی ہیں، جبکہ باقی فیکٹریوں میں کام ٹھیکیداری نظام کے تحت ہو رہا ہے جس میں مزدور 14، 14 گھنٹے کام کر نے کے باوجود بھی بمشکل 16سے 18 ہزار روپے تک کما رہے ہیں۔ جس میں علی مرتضیٰ اور نشاط گروپ جیسی فیکٹریاں شامل ہیں۔ مزدوروں کو ایک ہو کر منظم جدوجہد کی جانب بڑھنا پڑے گا کیونکہ مزدور کی طاقت مزدوروں کا اتحاد ہی ہے۔

اسی طرح گجومتہ انڈسٹریل ایریا کے مزدوروں کو انقلابی نظریات سے بھی لیس ہونا ہوگا، تا کہ سرمایہ داروں اور ان کی مزدور دشمن پالیسیوں کے خلاف منظم اور کامیاب جدجہد کی جا سکے۔ اس سلسلے میں ریڈ ورکرز فرنٹ گجومتہ انڈسٹریل ایریا میں سٹڈی سرکلز یعنی سیاسی و نظریاتی تربیت کیلئے تربیتی نشستیں منعقد کرا رہا ہے۔ ہم گجومتہ انڈسٹریل ایریا کے مزدوروں کو دعوت دیتے ہیں کہ ان سٹڈی سرکلز میں شامل ہو کر اپنے آپ کو نظریاتی طور پر طاقتور بنائیں۔

Comments are closed.