لاڑکانہ: شیخ زید وومن اسپتال کے نرسنگ سٹاف کا حفاظتی کٹس کے بغیر کام کرنے سے انکار!

|ریڈ ورکرز فرنٹ، لاڑکانہ|

شیخ زید وومن اسپتال میں کرونا وائرس سے فرنٹ لائن پر لڑنے والے نرسنگ سٹاف نے حفاظتی کٹس کے بغیر کام کرنے سے انکار کر دیا۔ ان کا کہنا ہے کہ ہم میں انسانیت کی خدمت کا جذبہ ہے اور ہم اپنی ذمہ داریاں پوری جانفشانی سے ادا کرنے کو تیار ہیں پر شاید پی پی پی سرکار کو انسانیت سے کوئی سروکار نہیں۔ جن کے سامنے ہم کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے روز اول سے مطالبہ کرتے آرہے ہیں کہ ہمیں حفاظتی کٹس سمیت دیگر سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ ہم بہتر سے بہتر کام کرسکیں۔ مگر غفلت کی نیند سوئے حکمران اور ان کے افسرشاہانہ دلال صرف میڈیا پر جھوٹ بولنے میں مصروف ہے۔ حقیقت میں حالات میڈیا پر دکھائے جانے والے حالات سے یکسر مختلف و بدتر ہے۔ نرسنگ سٹاف کا مزید کہنا تھا کہ انہیں خودکشی کا کوئی شوق نہیں اور وہ زندہ رہ کر اپنا کام کرنا چاہتے ہیں، لہٰذا انہیں سلامیوں اور سلیوٹ کی بجائے حفاظتی کٹس فراہم کی جائیں۔

ریڈ ورکرز فرنٹ، نرسوں کے تمام مطالبات کی غیر مشروط طور پر حمایت کرتے ہوئے مطالبہ کرتا ہے کہ جلد از جلد نرسوں کے مسائل حل کیے جائے۔ انھیں حفاظتی الات فراہم کرتے ہوئے دیگر سہولیات بھی فراہم کی جائے۔ خزانہ خالی ہونے کا جواز پیش کیے بغیر وزراء، مشیروں، سول و ملٹری بیوروکریسی کے مراعات ضبط کرکے انھیں ہیلتھ ورکرز کے ضروریات کے لیے استعمال میں لایا جائے۔ کرونا وائرس کے پیش نظر صحت کے شعبے میں ایمرجنسی لاگو کرتے ہوئے غیر لازمی دفاعی اخراجات میں کٹوتی کرکے انھیں صحت کے شعبے پر خرچ کیا جائے۔ سرمایہ داروں کو دئیے گئے ٹیکس چھوٹ کو منسوخ کرکے اضافی ہیلتھ ٹیکس لگاکر انھیں عوام اور عوامی اداروں پر خرچ کیا جائے۔

Comments are closed.