|رپورٹ: انقلابی کمیونسٹ پارٹی، ڈی جی خان|

انقلابی کمیونسٹ پارٹی، ڈیرہ غازی خان کے زیرِ اہتمام یکم مئی 2025ء، مزدوروں کے عالمی دن کے موقع پر احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ ریلی میں انقلابی کمیونسٹ پارٹی کے کارکنان کے ساتھ ساتھ واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک ورکرز یونین، پی ڈبلیو ڈی ورکرز یونین، نیشنل پروگرام ایمپلائز یونین، پنجاب ٹیچرز یونین کے کارکنان، طلبہ اور نوجوانوں نے بھی شرکت کی۔
اس سے قبل یکم مئی کی تیاریوں کے سلسلے میں شہر بھر میں انقلابی کمیونسٹ پارٹی کی جانب سے یکم مئی کی مناسبت سے شائع کردہ خصوصی پوسٹر چپساں کئے گئے اور مختلف اداروں کے محنت کشوں اور طلبہ و نوجوانوں کو ریلی میں شرکت کی دعوت دی گئی۔
ریلی کا وقت صبح 09 بجے کا رکھا گیا تھا اور ریلی کے شرکاء صبح 08 بجے سے ہی ٹریفک چوک پر جمع ہونا شروع ہوگئے۔ تقریباً 09:30 بجے ٹریف چوک سے پریس کلب کی طرف ریلی نکالی گئی۔ ریلی کے شرکاء سے پنجاب ٹیچرز یونین کے راہنما غلام عباس، نیشنل پروگرام ایمپلائز یونین سے سلمیٰ نواز، واپڈا سے بشیر بلوچ، حافظ ارشاد کھوسہ اور زونل چئیرمین شہباز احمد بھٹی نے خطاب کیا۔ مقررین نے حکومتی معاشی دہستگردی نجکاری اور ریاستی جبر کی مذمت کی اور تمام اداروں کے درمیان متحد جدوجہد کی اہمیت پر زور دیا۔

انقلابی کمیونسٹ پارٹی کے رہنما آصف لاشاری نے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شگاگو کے محنت کشوں کی جدوجہد اور اس کے بعد محنت کشوں کی کئی نسلوں کی جدوجہد سے جیتی جانے والی حاصلات آج محنت کشوں سے چھینی جا رہی ہیں۔ مستقل روزگار ناپید ہوچکا ہے۔ پنشن کے حقوق پر ڈاکہ ڈالا جا چکا ہے۔ سرکاری اداروں کی نجکاری کر کے ملازمین کو جبری طور پر برطرف کیا جا رہا ہے۔ یکم 2025 ء کا دن تجدیدِ عہد کا دن ہے اور ہمیں اس دن یہ عہد کرنا ہوگا کہ ہم محنت کشوں پر ہونے والے معاشی حملوں کے خاتمے کیلئے آخری سانس تک لڑیں گے۔
آصف لاشاری کا کہنا تھا کہ حکمران طبقے کو صرف ایک صورت میں شکست دی جا سکتی ہے، اس کے لیے تمام اداروں کے محنت کشوں کو ایک ہی دن بیک وقت عام ہڑتال کی کال دینی ہوگی اور محنت کشوں کی طاقت سے نظام کا مکمل پہیہ جام کرتے ہوئے حکمرانوں کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کرنا ہوگا۔ اور اس سرمایہ دارانہ نظام کا خاتمہ کرتے ہوئے مزدور راج کا قیام کرنا ہوگا۔ یہی یوم مئی 2025ء کا پیغام ہے۔
انقلابی کمیونسٹ پارٹی اسی مقصد کے لئے محنت کشوں اور نوجوانوں کو کمیونزم کے انقلابی نظریات پر منظم کر رہی ہے۔ پارٹی کا ممبر بننے کے لئے یہاں کلک کریں۔