ملتان: گورنمنٹ شہبازشریف ہسپتال میں ملازمین کی برطرفیوں کیخلاف احتجاج

|رپورٹ: ریڈ ورکرز فرنٹ|

گورنمنٹ شہبازشریف ہسپتال ملتان سے برطرف کئے گئے ڈیلی ویجز ملازمین نے حکومت کے خلاف احتجاج کیا جس میں پروگریسیو یوتھ الائنس اور ریڈ ورکرز فرنٹ ملتان نے ملازمین کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا۔ ملازمین کا کہنا تھا کہ تبدیلی کے نام پر آنے والی اس حکومت نے ریاستی مزدور دشمن پالیسی کو مزید تیز کردیا۔ 1 کروڑ نوکریوں کے جھوٹے وعدے کر کے وجود میں آنے والے ’’نئے پاکستان‘‘ نے ان سے نوکریاں چھین کر شدید ترین معاشی مسائل کا شکار کردیا اور وہ ایسا نیا پاکستان اور ایسی تبدیلی نہیں چاہتے۔ ملازمین کا مزید کہنا تھا کہ ان کے روزگار کا قتلِ عام کیا گیا ہے ایسی تبدیلی نہیں چاہتے کہ محنت کشوں کو روزگار دینے کے بجائے جو ہے وہ بھی چھین لیا جائے۔ پورے پنجاب سے تقریباً 4500 ڈیلی ویجز ملازمین کو نکال دیا گیا۔

ملازمین کا مزید کہنا تھا کہ وہ کئی سالوں سے اس سرکاری ہسپتال میں ملازم ہیں مگر ان کو مستقل نہیں کیا گیا اور اب تک وہ ڈیلی ویجز پر کام کر رہے تھے اور پچھلے 3 ماہ سے تنخواہ بھی نہیں دی گئی اور اب انکو نوکریوں سے نکال دیا گیا ہے۔ ملازمین نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ان کو نہ صرف نوکریوں پر بحال کیا جائے بلکہ انہیں مستقل کیا جائے اور پچھلی تنخواہوں کی فی الفور ادائیگی کی جائے بصورت دیگر وہ پورے پنجاب میں برطرف کئے گئے ملازمین کو جوڑ کر بڑے پیمانے پر احتجاج اور ہڑتال کریں گے۔

Comments are closed.