کوئٹہ: پیرا میڈیکل سٹاف ایسوسی ایشن بلوچستان کا 17 اپریل کے لانگ مارچ کے لیے سیمینار اور احتجاجی مظاہرہ!

|رپورٹ: ریڈ ورکرز فرنٹ، بلوچستان|

ہفتے کے روز 11 بجے فاطمہ جناح ٹی بی اینڈ چیسٹ ہسپتال میں پیرا میڈیکل سٹاف ایسوسی ایشن بلوچستان کے صوبہ بھر سے ضلعی اور صوبائی نمائندگان نے سیمینار اور احتجاجی مظاہرےمیں شرکت کی۔ سیمینار کا انعقاد 17 اپریل کو ہونے والے لانگ مارچ کی تیاریوں اور حکمتِ عملی طے کرنے کے سلسلے میں کیا گیا تھا۔ سیمینار کی صدارت پیرا میڈیکس فاطمہ جناح ٹی بی اینڈ چیسٹ ہسپتال کے صدر ناصر بلوچ نے کی، جبکہ مہمان خصوصی پیرا میڈیکل سٹاف ایسوسی ایشن بلوچستان (لانگ مارچ) ایکشن کمیٹی کے چئیرمین طارق کُدیزئی تھے۔

سیمینار میں صوبہ بھر سے آئے ہوئے نمائندگان نے ایجنڈے پر تفصیلی بحث کی اور اس عہد کا اظہار کیا کہ اِس دفعہ مطالبات کی منظوری کے بغیر نہیں اُٹھیں گے۔ طارق کُدیزئی نے مختلف ٹریڈ یونینز اور سیاسی پارٹیوں سے مُلاقاتوں اور اُن سے تعاون کے حوالے سے بات رکھی گئی۔ کہ محنت کشوں کی تمام تنظیموں نے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔ اس کے بعد تقریب کے صدر ناصر بلوچ نے آئے ہوئے سب مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور تمام محنت کشوں سے متحد رہنے اور اپنے حقوق کے لیے پوری طاقت سے لڑنے کی اپیل کی۔ اور 17 اپریل کے لانگ مارچ کو کامیاب بنانے کی پُرزور الفاظ میں اپیل کی۔

تقریب کا اختتام ایک احتجاجی ریلی کی صورت میں ہوا جو کہ ہسپتال سے نکل کر بروری روڈ سے ہوتے ہوئے واپس ہسپتال میں اختتام پذیر ہوا۔

Comments are closed.