راولاکوٹ: غیر جریدہ فنی ملازمین کی کام چھوڑ ہڑتال

|رپورٹ: ریڈ ورکرز فرنٹ، راولاکوٹ|

احتجاجی ملازمین کی ریلی شہر کی سڑکوں سے گزرتی ہوئی

غیر جریدہ فنی ملازمین یونین کے رہنما اعجاز شاہسوار کی ملازمت سے معطلی کے خلاف محنت کشوں کی کام چھوڑ ہڑتال اور احتجاجی ریلی۔ حکام بالا کی جانب سے یونین رہنما اعجاز شاہسوار کو انتقامی کاروائی کے نشانہ بناتے ہوئے ملازمت سے معطل کردیا گیا جس کے خلاف ملازمین اتحاد ایکشن کمیٹی کی کال پر محنت کشوں نے کام چھوڑ ہڑتال کردی اور احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ احتجاجی ریلی میں محکمہ برقیات، پی ڈبلیو ڈی، محکمہ زراعت، ایپکا، پیرامیڈیکس کے ملازمین اور ترقی پسند تنظیموں کے کارکنان نے شرکت کی۔ احتجاجی ریلی پی ڈبلیو ڈی کے آفس سے نکالی گئی اور شہر بھر سے ہوتی ہوئی ظہیر چوک میں جلسہ عام کی صورت اختیار کر گئی۔ احتجاجی ریلی میں ناظم برقیات سرکل راولاکوٹ اور چیف سیکرٹری کے علاوہ دیگر ریاستی حکام اور بیوروکریسی کے خلاف شدید نعرے بازی کی گئی۔ 

احتجاجی ریلی کے شرکاء سے آل پاکستان کلرکس ایسوسی ایشن ،پیرامیڈکس اور فنی ملازمین کے نمائندگان نے خطاب کیا۔ مقررین کا کہنا تھا کہ اعجاز شاہسوار کو غیر قانونی طور پر جھوٹے الزامات کی پاداش میں سروس سے معطل کیاگیا ہے جو محکمہ کے حکام بالا کی طرف سے ظالمانہ اور ناانصافی پر مبنی اقدام ہے جس کی ہم بھرپور مخالفت کرتے ہیں اور اعجاز شاہسوار کے بحال ہونے تک اس احتجاج کو جاری رکھیں گے۔ ملازمین کے قائدین کا کہنا تھا کہ وہ ایک ایکشن کمیٹی بھی بنائیں گے جو مطالبات پورے ہونے تک دفاتر کو بند رکھے گی اور دیگر انتظامات سنبھالے گی اور ناظم برقیات کے تبادلے اور اعجاز شاہسوار کی بحالی تک احتجاج منظم کرے گی۔ 

ریڈ ورکرز فرنٹ سے یاسر ارشاد ریلی سے خطاب کرتے ہوئے

احتجاج میں ریڈورکر فرنٹ کے وفد نے بھی شرکت کی اور یاسر ارشاد نے ریڈ ورکر فرنٹ کی طرف سے ملازمین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ریڈ ورکر فرنٹ ملازمین کے مطالبات کی حمایت کرتا ہے اور یہ یقین دہانی کروائی کہ ہم مطالبات پورے ہونے تک ملازمین کے ساتھ رہیں گے اور اگر مطالبات منظور نہیں ہوتے تو اس احتجاجی تحریک کودیگر اداروں اور تعلیمی اداروں تک لے جائیں گے۔یہ لڑائی ظالم اور مظلوم کی لڑائی ہے حاکم اور محکوم کی لڑائی ہے مزدور اور سرمایہ دار کی لڑائی ہے جس خلاف مزدوروں اور ملازمین کا اتحاد ہی جیت کا ضامن ہو سکتا ہے۔

متعلقہ:

راولاکوٹ:غیر جریدہ فنی ملازمین محکمہ برقیات کے مرکزی صدر کی گرفتاری کیخلاف احتجاج

Comments are closed.