|رپورٹ: انقلابی کمیونسٹ پارٹی|
انقلابی کمیونسٹ پارٹی کی جانب سے 15 جنوری کو ملک بھر میں رجسٹریشن کیمپ لگائے گئے۔ پاکستان بھر میں یہ کیمپ مختلف شہروں میں 20 مقامات پر لگائے گئے۔ انقلابی کمیونسٹ پارٹی کا مقصد مہنگائی، بیروزگاری، غربت، لاعلاجی، قومی و صنفی جبر، سامراجی جنگوں کا خاتمہ ہے۔ مٹھی بھر سرمایہ داروں اور ان کے نظام سرمایہ داری کے ہوتے ہوئے یہ تمام مسائل کم ہونے کی بجائے بڑھتے جائیں گے۔ ان کا خاتمہ صرف کمیونسٹ انقلاب کے ذریعے ہی ممکن ہے۔ ان کیمپس کے انعقاد کا بنیادی مقصد بھی یہی ہے کہ جو محنت کش، نوجوان اور طلبہ ان مسائل سے تنگ ہیں اور اس نظام کو بدلنا چاہتے ہیں ان کو انقلابی کمیونسٹ پارٹی جوائن کرنے کی دعوت دی جائے تاکہ انقلابی کمیونسٹ پارٹی کی شکل میں نوجوانوں کو ایک ایسا مشترکہ پلیٹ فارم میسر ہو جس میں ہم مل کر اس نظام کے خلاف لڑائی کو مزید تیز کریں اور سرمایہ داری جس نے ہماری زندگیوں کو اجیرن بنا دیا ہے اس کو ہمیشہ کے لیے ختم کیا جائے اور ایک کمیونسٹ سماج تعمیر کیا جائے۔
ان کیمپوں کے ذریعے انقلابی کمیونسٹ پارٹی نے گلگت بلتستان سے لے کر لاہور، کراچی کی شاہراہوں تک کمیونزم کے نظریات کو نوجوانوں تک پہنچایا اور ان کو انقلابی کمیونسٹ پارٹی جوائن کرنے کی دعوت دی۔
لاہور میں انقلابی کمیونسٹ پارٹی نے شہر بھر میں پانچ کیمپس لگائے۔ ان کیمپس میں عالمی و ملکی معیشت اور سیاست پر تبادلہ خیال ہوا اور نوجوانوں نے اس تمام بحث میں شاندار دلچسپی ظاہر کی اور انقلابی کمیونسٹ پارٹی جوائن کرنے کا اعادہ کیا۔ جی سی یونیورسٹی کے قریب منعقد کردہ کیمپ پر ایک طالب علم نے موقع پر ہی پارٹی کی ممبر شپ بھی لی اور فوری طور پر پارٹی چندہ ادا کیا۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ طلبہ میں انقلابی نظریات کی پیاس موجود ہے اور وہ اس نظام کو بدلنا چاہتے ہیں۔
اس کے علاوہ انقلابی کمیونسٹ پارٹی نے اسی دن کوئٹہ، پشاور، کراچی، گلگت، ڈی جی خان، ملتان، کشمیر، جامشورو، حیدرآباد، فیصل آباد اور بہاولپور میں بھی رجسٹریشن کیمپس لگائے۔ ان رجسٹریشن کیمپس میں انقلابی کمیونسٹ کا ترجمان اخبار ”کمیونسٹ“ بھی فروخت کیا گیا اور اس کے ساتھ ساتھ دیگر انقلابی لٹریچر بھی فروخت کیا گیا۔
ان رجسٹریشن کیمپس کی سب سے مختلف بات یہ رہی کہ ان میں بلوچستان میں جاری ’بلوچستان گرینڈ الائنس‘ کی مزدور تحریک کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا گیا اور اس پر ریاستی جبر کی مذمت کرتے ہوئے ریاست کی جانب سے گرفتار کیے گئے ملازمین کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا گیا۔
انقلابی کمیونسٹ پارٹی کے کارکنان مستقبل میں بھی ملک بھر میں ممبرشپ کیمپس کا یہ سلسلہ جاری رکھیں گے۔ اگر آپ سمجھتے ہیں کمیونزم کے نظریات سے پاکستان سمیت اس خطے کے مسائل حل ہو سکتے ہیں یا آپ کمیونزم کے نظریات کو سمجھنا چاہتے ہیں تو ہم سے رابطہ کریں۔ وہ تمام نوجوان، محنت کش، خواتین، کسان، طلبہ جو اس نظام سے تنگ ہیں اور اس کے خلاف جدوجہد کرنا چاہتے ہیں، ہم ان کو دعوت دیتے ہیں کہ آئیں اور انقلابی کمیونسٹ پارٹی کے ممبر بنیں۔



















In defence of Marxism!
Marxist Archives
Progressive Youth Alliance