اساتذہ اور لیڈی ہیلتھ ورکرز کا پیغام۔۔عوام کے نام!

|ریڈ ورکرز فرنٹ|

جینا ہے تو لڑنا ہو گا!

٭ کیا آپ جانتے ہیں کہ حکومت پنجاب ہزاروں سرکاری سکولوں کی نجکاری کرنا چاہتی ہے جس کے بعد فیسوں میں کئی گنا اضافہ ہو گا اور غریب کا بچہ تعلیم سے بالکل محروم ہو جائے گا۔ دوسری طرف سرمایہ داروں کی اولادوں کے لیے مہنگے ترین سکول اور اعلیٰ تعلیم کے تمام دروازے کھلے رہیں گے۔

٭ کیا آپ جانتے ہیں کہ حکومت لیڈی ہیلتھ ورکرز اور دیگر چھوٹے سرکاری ملازمین کی پنشن ختم کرنے جا رہی ہے۔ یہ وہی لیڈی ہیلتھ ورکرز ہیں جن کی مسلسل محنت کی بدولت آج پاکستان کے کروڑوں بچے پولیو، خسرہ اور دیگر خطرناک بیماریوں سے محفوظ ہیں۔ اب حکومت عوام سے یہ بنیادی ضرورت بھی چھین لینا چاہتی ہے۔

٭ یہ وہی ظالم اور مکار حکمران ہیں جو اپنی لوٹ مار، کرپشن، نا اہلی کو چھپانے اور عوام کو ورغلانے کے لئے کبھی مہنگی بجلی کا الزام واپڈا کے محنت کشوں پر ڈال دیتے ہیں اور کبھی سرکاری سکولوں کی خراب حالت کا ذمہ دار اساتذہ کو ٹھہراتے ہیں۔

٭ یہ وہی ظالم حکمران ہیں جو عوام پر ہر سال ہزاروں ارب روپے کے نئے ٹیکس لگاتے ہیں اور ان پیسوں سے سرمایہ دار طبقے اور افسر شاہی کو دنیا کی تمام عیاشیاں کراتے ہیں لیکن عوام کو دینے کے لئے ان کے پاس صرف مہنگائی، بیروزگاری، غربت، بھوک، جہالت اور لاعلاجی ہے۔ آج صورتحال یہ ہو چکی ہے کہ غریب دو وقت کی روٹی بھی نہیں پوری کر پاتا۔

٭ آئی ایم ایف اور سرمایہ داروں کے گماشتہ حکمرانوں کے خلاف ریلوے، پوسٹ، واپڈا جیسے عوامی اداروں، محکمہ تعلیم، صحت و دیگر سرکاری محکموں، نجی صنعتوں کے محنت کشوں و ملازمین اور عوام کو متحد ہو کر جدوجہد کرنا ہو گی ورنہ یہ حکمران ہمارے بچوں کے منہ سے روٹی کا آخری لقمہ بھی چھین لیں گے۔

٭ اس وقت پورے پنجاب کے سکولوں اور کالجوں کے اساتذہ اور لیڈی ہیلتھ ورکرز ہڑتال پر ہیں۔ دوسرے محکموں کے ملازمین بھی ہڑتال پر جانے کی تیاری کر رہے ہیں۔ عوام کو اس وقت ان کا ساتھ دیتے ہوئے احتجاجوں اور ہڑتالوں میں شامل ہونے کی ضرورت ہے۔ یہ تحریک بجلی کے بلوں میں اضافے کے خلاف تحریک کا ہی حصہ ہے جس میں عوام دشمن حکمرانوں کے خلاف عوام کو متحد ہو کر لڑنے کی ضرورت ہے تاکہ اپنا حق حاصل کیا جا سکے۔

٭ یہاں ہم آپ کو بتاتے چلیں کہ ”آزاد“ کشمیر کے عوام نے حکمرانوں کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف جدوجہد میں پہل کر دی ہے۔ انہوں نے مہنگی بجلی کے خلاف لاکھوں کے احتجاج کیے ہیں اور پچھلے دو ماہ سے بجلی کا بل جمع نہیں کرایا۔ان کا نعرہ ہے فری بجلی ہمارا حق ہے۔ ہمیں بھی کشمیر کے عوام کے نقش قدم پر چلتے ہوئے پورے ملک میں ایسے ہی اپنے جائز حقوق کے لئے جدوجہد کرنا ہو گی۔

دبا سکو تو صدا دبا دو!
بجھا سکو تو دیا بجھا دو!
دیا بجھے گا تو سحر ہوگی صدا دبے گی تو حشر ہوگا!
محنت کش عوام کا اتحاد۔۔زندہ باد!
فتح کی سمت متحد۔۔بڑھے چلو! بڑھے چلو!

Comments are closed.