میں نے انقلابی کمیونسٹ پارٹی کیوں جوائن کی؟

پاکستان ایک گہرے بحران کا شکار ہے۔غربت تیزی سے بڑھ رہی ہے، اور امیر اور غریب کے درمیان خلیج پہلے سے کہیں زیادہ وسیع ہو چکی ہے۔ حکمران جماعتیں، جو امیروں اور طاقتوروں کے ہاتھوں میں ہیں، نے محنت کش طبقے کے لیے زندگی کو ناقابلِ برداشت بنا دیا ہے۔ انہوں نے ضروری حکومتی اداروں کو نجی ہاتھوں میں دے دیا ہے، پنشن میں کٹوتی اور منافع کو لوگوں پر ترجیح دی ہے۔ امیر لوگ عیاشی کی زندگی گزار رہے ہیں جبکہ محنت کش طبقے کے لوگ دو وقت کی روٹی کے لیے ترس رے ہیں۔

اس نا میدی کی وجہ سے صرف 2024ء میں ہی سات لاکھ سے زائد لوگوں نے پا کستان چھوڑ دیا۔ اور بہت سے طالب علم ڈگری حاصل کرنے کے بعد پاکستان چھوڑنے کے خواہشمند ہیں۔ میں بھی ایک وقت میں یہی سوچتا تھا۔میں نے بھی اس افراتفری اور ان مسائل سے جان چھڑانے کے بارے میں سوچا لیکن پھر مجھے احساس ہوا کہ ان مسائل سے جان چھڑانا یا بھاگنا کوئی حل نہیں۔

پاکستان میں ہم جن مسائل کا سامنا کر رہے ہیں، وہ منفرد نہیں ہیں؛ یہ سرمایہ داری کے عالمی بحران کا حصہ ہیں۔ چاہے وہ پاکستان ہو، امریکہ ہو، یا دنیا کا کوئی اور ملک، مزدور طبقے کا استحصال ہو رہا ہے، اور انسانیت اور ماحول کو منافع کے لیے تباہ کیا جا رہا ہے۔ بھاگنے سے کچھ حل نہیں ہو گا۔ ہم اسے آنکھیں بند کر کے یہ نہیں سوچ سکتے کہ یہ استحصال پر مبنی نظام خود بخود ختم ہو جائے گا۔ ہمیں اس کے خلاف لڑنا ہو گا۔میرے نزدیک، کمیونزم ہی واحد حل ہے۔

یہ واحد نظریہ ہے جو ہمارے مسائل کی جڑوں کو سمجھنے اور انہیں حل کرنے کا ایک سائنسی اور منظم طریقہ پیش کرتا ہے۔ سرمایہ داری نے پاکستان اور پوری دنیا کو مزدور طبقے کے لیے جہنم بنا دیا ہے، جبکہ امیروں کے لیے جنت۔ یہ نظام عدم مساوات، استحصال، اور ظلم پر پلتا ہے۔ اس کا خاتمہ کرنے کے لیے، ہمیں ایسا نظام چاہیے جو منافع کے بجائے لوگوں کو ترجیح دے، مقابلے کے بجائے تعاون کو اہمیت دے، اور فری مارکیٹ کے بجائے منصوبہ بند معیشت کو فروغ دے۔ کمیونزم یہی وژن فراہم کرتا ہے۔

لیکن سرمایہ داری کے خلاف اکیلے لڑنا کافی نہیں۔ چھوٹی چھوٹی انفرادی کامیابیاں شاید اچھی لگیں لیکن وہ نظام میں تبدیلی نہیں لائیں گی جس کی ہمیں ضرورت ہے۔ نظام کو چیلنج کرنے کے لیے، ہمیں مضبوط تنظیموں کی ضرورت ہے جو لوگوں کو متحد کر سکیں، ہماری آواز کو بلند کر سکیں، اور ہماری کوششوں کو منظم کر سکیں۔ اسی لیے میں نے انقلابی کمیونسٹ پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔

انقلابی کمیونسٹ پارٹی دوسری سیاسی جماعتوں کی طرح نہیں۔ جہاں دوسری جماعتیں یا تو مزدور طبقے کے استحصال میں ملوث ہیں یا کوئی حقیقی حل پیش نہیں کرتیں، وہیں انقلابی کمیونسٹ پارٹی وہ واحد پارٹی ہے جو محنت کش طبقے کی بات کرتی ہے اور ان کے مسائل کے خلاف جدوجہد کر رہی ہے۔ یہ جدوجہد ہمیں نجکاری،استحصال، ہراسمنٹ اور ظلم کے خلاف ان کی کمپینز میں نظر آتی ہے۔ وہ صرف تبدیلی کی بات نہیں کرتے؛ وہ اسے حقیقت بنانے کے لیے کام کر رہے ہیں۔

مجھے پارٹی کی طرف مارکسی تعلیم اور عوامی جدوجہد کے لیے ان کی وابستگی نے متوجہ کیا۔ وہ صرف مسائل کے بارے میں نظریات نہیں دیتے؛ وہ میدان میں ہیں، مزدور طبقے کے ساتھ مل کر لڑ رہے ہیں۔ وہ سمجھتے ہیں کہ سرمایہ داری کو شکست دینے کے لیے ہمیں صرف خیالات نہیں بلکہ اس کے ساتھ ساتھ عمل، یکجہتی، اور تنظیم کی ضرورت ہے۔ اکیلے لڑنا سرمایہ داری جیسے طاقتور نظام کے خلاف بے اثر ہے۔

انقلابی کمیونسٹ پارٹی ہمیں منظم طریقے سے لڑنے کا موقع فراہم کرتی ہے۔ وہ اراکین کے درمیان یکجہتی کی ثقافت پیدا کرتی ہے، جہاں ہم ایک مشترکہ مقصد کے لیے مل کر کام کرتے ہیں۔تبدیلی ممکن ہے، لیکن صرف اس صورت میں جب ہم منظم اور متحد ہوں۔ پارٹی نے مجھے یہ امید دلائی ہے کہ ہم ایک بہتر مستقبل بنا سکتے ہیں، ایک ایسا مستقبل جہاں مزدور طبقے کا استحصال نہ ہو، جہاں وسائل کو منصفانہ طور پر تقسیم کیا جائے، اور جہاں ہر کسی کو باعزت زندگی گزارنے کا موقع ملے۔

آگے کا راستہ آسان نہیں، لیکن یہ ضروری ہے کہ مل کر، ہم استحصال، عدم مساوات، اور ظلم سے پاک دنیا کے لیے لڑ سکتے ہیں۔ مل کر، ہم ایک بہتر مستقبل بنا سکتے ہیں۔

انقلابی کمیونسٹ پارٹی کا ممبر بننے کے لیے یہاں کلک کریں!

 

Comments are closed.