محنت کشوں کی نجات سرمایہ داری کے خاتمے سے ہی ممکن ہے۔۔۔عزیز خان (صدر، RWF کراچی)

ریڈ ورکرز فرنٹ کراچی کے صدر عزیز خان نے اپنے ایک خصوصی بیان میں کہا کہ اس وقت ملکی سیاست میں شدید گہما گہمی پائی جاتی ہے۔ ایک طرف کروڑوں سیلاب زدگان کھلے آسمان کے نیچے بے یارو مددگار پڑے ہیں اور وفاقی حکومت اور تمام صوبائی حکومتیں اور ریاستی ادارے ان کی داد رسی کرنے کی بجائے اقتدار کی رسہ کشی میں مصروف ہیں۔ اس سے ان تمام اداروں اور قیادتوں کا کردار واضح ہو جاتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آج کل ان کے علاقے میں ضمنی انتخابات کی تیاریاں عروج پر ہیں اور ایک پارٹی کے لوگ کچھ روز قبل میرے غریب خانے پر آئے تھے تو بطور مہمان انکی ہر ممکن مہمان نوازی کی، دوسری پارٹیوں کے لوگ بھی رابطے کر رہے ہیں مگر میں محنت کشوں کو یہ پیغام دینا چاہتا ہوں کہ نون لیگ، پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف سمیت سیاست پر حاوی تمام پارٹیاں حکمران طبقے اور مالدار لوگوں کی پارٹیاں ہیں۔ اس انتخابی عمل سے عام لوگوں کے حالات زندگی میں کوئی تبدیلی نہیں آئے گی۔ محنت کشوں کو نسلی، فرقہ وارانہ، لسانی اور قومی تعصبات سے بالاتر اور طبقاتی بنیادوں پر متحد ہو کر اس نظام کا خاتمہ کرنا ہو گا۔ ریڈ ورکرز فرنٹ اسی ظالمانہ نظام کے خاتمے کی جدوجہد کر رہا ہے۔ میں نہ صرف لانڈھی، کورنگی بلکہ ملک بھر کے محنت کشوں کو ریڈ ورکرز فرنٹ میں شمولیت کی دعوت دیتا ہوں کہ آئیں اور اپنی آئندہ نسلوں کی نجات کے لیے ہمارا ساتھ دیں۔

Comments are closed.