گوجرانوالہ: یومِ مئی 2024ء کے موقع پر واسا ملازمین کی ریلی اور جلسہ، ریڈ ورکرز فرنٹ کے وفد کی شرکت!

|رپورٹ: ریڈ ورکرز فرنٹ، گوجرانوالہ|

گوجرانوالہ میں نیو واسا لیبر یونین (سی بی اے) نے یوم مئی کے موقع پر ایک بھرپور ریلی کا انعقاد کیا۔ ریلی میں ریڈ ورکرز فرنٹ کے کارکنان نے بھی بھرپور شرکت کی۔

ریلی کا آغاز واسا یونین آفس نزد پرانی کچہری سے ہوا اور سول لائن سے گزرتے ہوئے ریلی شہر کے مرکز گوندلانوالہ چوک پر ایک جلسے کی شکل اختیار کر گئی۔

ریلی کی قیادت سابقہ صدرجہانزیب احمد چٹھہ، صدرسہیل سہوترا، سینئر نائب صدر طارق وسیم ڈار، میاں مصدق حسین اور واسا لیبر یونین کے دیگر راہنماؤں نے کی جبکہ ریڈ ورکرز فرنٹ کے قائدین صبغت وائیں، ناصرہ وائیں اور آدم پال بھی موجود تھے۔

ریلی کے اختتام پر گوندلانوالہ چوک پر ریڈ ورکرز فرنٹ کے راہنما آدم پال نے تقریر کی اور واسا ملازمین کو ان کے کام پر نہ صرف خراج تحسین پیش کیا بلکہ ان کے تمام مطالبات کی حمایت کی۔ انہوں نے حادثات میں ہلاک ہونے والے واسا ملازمین پر غم و غصّے کا اظہار کیا اور اس ملک کے حکمرانوں کو اس کا ذمہ دار قرار دیا۔ اس کے علاوہ انہوں نے مزدور یکجہتی اور عام ہڑتال کی اہمیت پر بھی روشنی ڈالی۔

جلسے کا اختتام سابقہ صدر واسا یونین جہانزیب احمد چٹھہ نے اپنی تقریر سے کیا اور تمام شرکا کا شکریہ ادا کیا۔

ریلی میں مزدور انقلابی نعرے بازی کرتے رہے اور مزدور اتحاد زندہ باد، تنخواہوں کو دوگنا کرنے اور سیفٹی کٹ مہیا کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔

ریلی میں معروف صحافی ڈاکٹر عمر نصیر، انقلابی راہنماؤں صبغت وائیں، ناصرہ وائیں، محمد اویس، حنان پال، طالب علم راہنما سحر وائیں اور دیگر نے بھی شرکت کی اور مزدوروں کے ساتھ بھرپور اظہار یکجہتی کیا۔

Comments are closed.