کوئٹہ:ریلوے محنت کش یونین کی مطالبات کے حق میں ریلی اور احتجاجی مظاہرہ

|رپورٹ: ریڈورکرزفرنٹ، کوئٹہ|

گذشتہ روز ریلوے محنت کش یونین کے محنت کشوں نے تنخواہوں میں اضافے، کنٹریکٹ ملازمین کی مستقلی اور دیگر مطالبات کے لئے کوئٹہ ریلوے سٹیشن سے پریس کلب تک ریلی نکالی۔ ریلی کی قیادت ریلوے محنت کش یونین کوئٹہ ڈویژن کے صدر عطا محمد بلوچ، سمین گل کاکڑ،رحیم لانگو، افضل بنگلزئی اور مجید زہری نے کی۔ مظاہرین نے مزدور دشمن حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ احتجاجی ریلی مختلف شاہراؤں سے ہوتے ہوئے کوئٹہ پریس کلب پہنچی جہاں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرے میں ریلوے کے محنت کشوں نے بھرپور انداز میں شرکت کی۔ محنت کشوں نے اپنے مطالبات کے حق میں بھرپور نعرے لگائے۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے ریلوے محنت کش یونین کی قیادت نے کہا کہ حکمران ہمیشہ سے مزدور دشمن پالیسیاں بناتے آئے ہیں جس کی وجہ سے مزدوروں کے حالات کبھی نہیں بدلتے۔ موجودہ سرمایہ دارانہ نظام کے اندر مزدور کی زندگی مشکل سے مشکل تر ہوتی جا رہی ہے۔ یہ نظام دینے والا نہیں بلکہ چھیننے والاہے۔

ریلوے کے محنت کشوں نے حکمرانوں سے مطالبہ کیا کہ ریلوے سمیت دیگر محکموں میں کنٹریکٹ ملازمین کو فورا مستقل کیا جائے۔ اس کے ساتھ ساتھ تنخواہوں میں مہنگائی کے تناسب سے اضافہ کیا جائے۔ دیگر مطالبات میں 50 ایڈہاک الاؤنس کو بنیادی تنخواہ میں ضم کرنے، بنیادی تنخواہ کا 25 فیصد ٹیکنیکل الاؤنس اور تمام ملازمین کی اپ گریڈیشن شامل ہیں۔

Comments are closed.