مظفر آباد: کشمیر بھر کی عوامی ایکشن کمیٹیوں کا مشترکہ اجلاس

|رپورٹ: ریڈ ورکرز فرنٹ، کشمیر|

16 ستمبر 2023ء کو نام نہاد آزاد کشمیر کے دارلحکومت مظفرآباد میں کشمیر بھر کی عوامی ایکشن کمیٹیز کا مشترکہ اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس میں مہنگائی کے خلاف جاری تحریک کے آگے کا لائحہ عمل طے کیا گیا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ مطالبات کی منظوری تک کشمیر کے تمام اضلاع میں بجلی بلات کا مکمل بائیکاٹ کیا جائے گا۔ پورے آزاد کشمیر میں ہر سطح پر عوامی کمیٹیز کی تشکیل کرتے ہوئے عوام کو منظم کیا جائے گا۔ مزید براں بجلی بلات کے بائیکاٹ کے ساتھ احتجاجی ریلیوں اور جلسوں کا سلسلہ بھی جاری رہے گا۔ تحریک میں سماج کی تمام پرتوں، بالخصوص طلبہ اور خواتین کی سرگرم شرکت کو یقینی بنایا جائے گا۔

اجلاس میں ہر ضلع سے 3، 3 ممبران کا انتخاب بھی کیا گیا اور عوامی ایکشن کمیٹی کی مرکزی کمیٹی تشکیل دی گئی۔

اجلاس میں انجمن تاجران، وکلاء، طلبہ تنظیموں اور مختلف سیاسی تنظیموں کے نمائندگان نے بھی شرکت کی۔

شرکا اجلاس نے آٹے سمیت اشیاء خوردونوش پر فوری سبسڈی، لوڈشیڈنگ کے خاتمے، منگلا ڈیم، نیلم جہلم سے پیداواری لاگت پر ٹیکس فری بجلی کی فراہمی، حکمران اشرافیہ کی مراعات کے خاتمے، طلبہ یونین کی بحالی اور دیگر مطالبات کی منظوری تک متحد ہو کر جدوجہد جاری رکھنے کا عزم کیا۔

Comments are closed.